سعودی عرب،شاہراہوں پر ایمرجنسی ٹریک کی نگرانی کے لیے مصنوعی ذہانت کا پروگرام

جمعہ 20 جون 2025 08:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی کے شعبہ جیومیٹکس کے طلبا کی ایک ٹیم نے ہائی ویز پرایمرجنسی ٹریک کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کرنے کےلیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے پروگرام بنانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔اخبار 24 کے مطابق یونیورسٹی کے کالج آف آرکیٹیکچراینڈ پلاننگ کے شعبہ جیومیٹکس کے طلبا نے کافی جدوجہد کے بعد مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے جو پروگرام تیار کیا ہے اس کے ذریعے ان گاڑیوں کی تمام تفصیلات ٹریفک پولیس کے مرکزی کنٹرول کو منتقل ہو جائیں گی جو ہنگامی ٹریک کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں۔

سعودی طلبا انس الحربی اور محمد المروعی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پروگرام کی تیاری میں کافی وقت صرف ہوا اسے بنانے کا مقصد اہم شاہراہوں پر ہنگامی ٹریکس کو خالی رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

سمارٹ سٹی ایپلی کیشنز کے ذریعے ٹریفک پولیس کے مرکزی کنٹرول روم کو فوری طورپرمعلوم ہوجائے گا کہ کہاں اور کس شاہراہ پر ٹریفک ٹریک کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک ازدحام ہو سکتا ہے۔

پروگرام کے ذریعے کنٹرول روم میں موجود اہلکار غلط اوورٹیکنگ کرنے والی گاڑی کا بھی باسانی مشاہدہ کرکے اس کے خلاف فوری کارروائی کرسکتے ہیں۔طلبا کا کہنا تھا کہ پروگرام کا مقصد ٹریفک قوانین پرعمل درآمد کو یقینی بنانا ہے تاکہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ ہو۔ ہائی ویزے پر موجود ہنگامی ٹریک کا مقصد انہیں ٹریفک سے خالی رکھنا ہوتا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :