ایران کے ساتھ جوہری پروگرام پر سفارتی حل تک پہنچنے کے لیے اب بھی وقت ہے،برطانیہ

جمعہ 20 جون 2025 12:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) برطانیہ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ اس کے جوہری پروگرام پر سفارتی حل تک پہنچنے کے لیے اب بھی وقت ہے تاکہ وسیع تر تنازعے کو روکا جا سکے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ بات برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں امریکی ہم منصب مارکو روبیو کے ساتھ بات چیت کے بعد کہی۔

انہوں نے اپنے فرانسیسی، جرمن اور یورپی یونین کے ہم منصبوں کے ساتھ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ بات چیت کے لیے جنیوا پہنچنے سے ایک روز قبل امریکا میں اپنے اہم منصب مارکو روبیو اور امریکی خصوصی ایلچی سٹیو وِٹکوف سے ملاقات کی۔ یہ ملاقاتیں ایسے وقت ہوئی ہیں جب یورپی ممالک ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف اسرائیلی بمباری کے پیش نظر کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تہران کے خلاف حملوں میں شامل ہونے یا نہ ہونے پر غور کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں برطانیہ کے سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال بدستور خطرناک ہے۔ ہم پرعزم ہیں کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ ایران کو گہرے ہوتے تنازعے سے بچنے کے لیے کس طرح ایک معاہدہ کرنا چاہیے۔ سفارتی حل کے حصول کے لیے اب ایک موقع اگلے دو ہفتوں میں موجود ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے سنگین مناظر کو روکا جائے اور علاقائی کشیدگی کو روکا جائے جس سے کسی کو فائدہ نہ ہو۔\932