محرم الحرام میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے،آرپی اوڈیرہ

جمعہ 20 جون 2025 15:48

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) محرم الحرام میں امن و امان کا قیام اور قانون و انصاف کی بالادستی ہماری اولین ترجیح ہے،بد امنی کے زریعے ملک میں انتشار اور عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کرنے والے ملک دشمن قوتوں کے ناپاک ارادوں کو باہمی اتحاد سے ناکام بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان سید اشفاق انور نے پولیس لائنز ڈیرہ میں امن کمیٹی ممبران عمائدین کے ساتھ منعقد ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ضلعی پولیس سربراہ سجاداحمد صاحبزادہ سمیت امن کمیٹی کے اراکین جن میں ضلع کے معززین، مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، تاجر برادری کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس ٓافیسر ڈیرہ نے کہا کہ دشمن عناصر فرقہ واریت کے ذریعے ملک میں انتشار اور عدم استحکام پھیلانے کے درپے ہیں جنہیں ہم سب نے مل کر صرف باہمی اتحاد،مذہبی رواداری،محبت،اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دے کر ناکام بنانا ہے اور اپنی صفوں میں شر پسندوں کو گھسنے کا کوئی موقع فراہم نہ کریں۔

انہوں نے مذہبی ہم آہنگی،باہمی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔اس موقع پر اجلاس میں شریک تمام شرکا ءنے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام امن سے گزر رہا ہے اور انشا اللہ اس بار بھی امن سے گزرے گا کیوں کہ اس شہر کا امن ہماری ضرورت ہے۔اس کیلئے ہم نے کافی قربانیاں دی ہیں۔انشا اللہ اس شہر کے امن و امان کیلئے ہم ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کر کے محرم الحرام کو امن سے گزاریں گے۔\378