گورنر خیبرپختونخوا کا یوم شہداء پولیس کے موقع پر پشاور پولیس لائن کادورہ، شہدائے پولیس کی یادگار پر حاضری دی

شہداء پولیس کے ورثاء کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، پولیس اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا،فیصل کریم کنڈی

پیر 4 اگست 2025 22:20

گورنر خیبرپختونخوا کا یوم شہداء پولیس کے موقع پر پشاور پولیس لائن کادورہ، ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کے روز یوم شہداء پولیس کے موقع پر پشاور پولیس لائن کادورہ کیا اور شہدائے پولیس کی یادگار پر حاضری دی ۔ پولیس لائن پشاور پہنچنے پر سی سی پی او پشاور قاسم علی خان، ایس ایس پی آپریشن مسعود خان بنگش اور دیگر نے انہیں خوش آمدید کہا۔گورنرنے شہدائے پولیس کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیئے دعا بھی کی ۔

یادگار شہداء پر پولیس کے چاک وچوبنددستہ نے گورنر کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے شہدائے پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء پولیس کے اہل خانہ سے بھی یکجہتی کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شہداء پولیس کے ورثاء کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، پولیس اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا،بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا خیبر پختونخوا پولیس بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے، فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ خیبرپختونخوا پولیس نے جوانمردی سے دہشت گردوں کے حملوں کو ناکام بنایا، پولیس فورس کا عزم پوری قوم کے حوصلے کی علامت ہے،شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، پرامن خیبرپختونخوا کا خواب پورا ہوگا،قیام امن کیلئے شہداء پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔