سیالکوٹ،اگوکی دربار عالیہ حضرت پیر ملک شاہ ولی سرکار رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس مبارک پرثقافتی میلہ منعقد کیا گیا

جمعہ 20 جون 2025 15:53

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) اگوکی دربار عالیہ حضرت پیر ملک شاہ ولی سرکار رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر ثقافتی میلہ منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے دربار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و ملت کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔ دور دراز سے زائرین قافلوں کی صورت دربار شریف پہنچ رہے ہیں،عرس مبارک کی تقریبات کے سلسلے میں روحانی محافل، قرآن خوانی ،نعت خوانی، ذکر و اذکار اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر دربار شریف کے احاطے میں ملک کے نامور قوال حضرات عارفانہ صوفیانہ کلام پیش کر رہے ہیں ،اس موقع پر دربار شریف کے مضافات میں عظیم الشان ثقافتی میلہ بھی منعقد کیا گیا ہے، جو مقامی ثقافت، روایات اور عوامی رنگوں کا خوبصورت امتزاج پیش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

میلے میں مختلف روایتی دستکاریوں، کھانوں، جھولوں اور مقامی فنکاروں کی پرفارمنسز عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

اس روحانی و ثقافتی اجتماع نے مقامی ثقافت کے فروغ اور بین الطبقاتی ہم آہنگی میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ منتظمین کے مطابق عرس مبارک کی تقریبات پانچ دن جاری رہیں گی جن میں مزید روحانی محافل، محفل سماع اور محفل نعت بھی شامل ہیں جبکہ زائرین کی سہولت کے لیے سکیورٹی، صفائی اور طبی امداد کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔