عید صفائی آپریشن، وزیراعلی کی جانب سے ورکرزمیں انعامی رقم (کل ) تقسیم ہوگی

پنجاب بھر میں تحصیل سطح پر تقریبات کا انعقاد ہوگا، ستھرا پنجاب کے ورکرز کو مدعو کیا جائے گا‘ ذیشان رفیق

جمعہ 20 جون 2025 18:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء)وزیراعلی مریم نواز کی جانب سے عیدالاضحٰی پر گرینڈ آپریشن کے دوران شاندار کارکردگی پر ستھرا پنجاب پروگرام کے ایک لاکھ سے زائد ورکرز میں انعامی رقوم کل (ہفتہ )21 جون کو تقسیم کی جائیں گی۔ اس ضمن میں پنجاب بھر میں تحصیل کی سطح پر تقریب کا انعقاد ہوگا جس میں ورکرز کو مدعو کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی، ڈپٹی کمشنرز اور میونسپل اداروں کے چیف آفسیرز موجود تھے۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ تمام ورکرز کو ایک ہی دن بلانے کی بجائے ضروری ہو تو باقیماندہ افراد میں انعامی رقم اگلے روز (22 جون) بھی تقسیم کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے عید گرینڈ صفائی آپریشن میں عمدہ کارکردگی پر اعلان کیا تھا کہ عید کے ایام میں سخت گرمی کے موسم میں محنت اور جذبے کے ساتھ کام کرنے والے ایک لاکھ سے زائد ورکرز کو 10 ہزار فی کس انعام دیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ چلچلاتی دھوپ کے دوران ورکرز کی وجہ سے عیدالاضحٰی پر مثالی صفائی نظر آئی۔ مسلسل تین روز تک آلائشیں اور دیگر ویسٹ اٹھانے کا کام کرنے والوں کو ہمارا سلام ہے۔

یہ اعزازیہ پنجاب حکومت کی طرف سے ورکرز کی محنت کا واضح اعتراف ہے۔ صوبائی وزیر نے منتخب نمائندوں کو تقریبات میں بلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں نے بھی آگاہی مہم میں بھرپور کردار ادا کیا تھا۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ تقریبات کے لئے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز کو شفاف طریقے سے بینک ڈرافٹس دیے جائیں گے۔ ستھرا پنجاب پروگرام کا کوئی ورکر انعامی رقم سے محروم نہ رہے۔