درخت زمین کا زیور اور انسانی بقا کے ضامن ہیں، وزیر توانائی سندھ

پیپلز پارٹی عوام دوست پالیسیوں اور ماحولیاتی تحفظ پر یقین رکھتی ہے، ناصر شاہ

پیر 18 اگست 2025 16:54

درخت زمین کا زیور اور انسانی بقا کے ضامن ہیں، وزیر توانائی سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)صوبائی وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے مون سون شجرکاری مہم کے آغاز پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام دوست پالیسیوں اور ماحولیاتی تحفظ کے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں ملک کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے موثر حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم شروع کی جا رہی ہے اور مون سون شجرکاری مہم کے دوران لاکھوں پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت زمین کا زیور اور انسانی بقا کے ضامن ہیں، یہی وجہ ہے کہ فضائی آلودگی کو کم کرنے اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے درخت لگانا ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پالیسیوں میں عوامی شمولیت کو ہمیشہ بنیادی اہمیت دی گئی ہے، اسی لیے اس مہم میں تعلیمی ادارے، سماجی تنظیمیں اور نجی ادارے بھی شامل ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ ہر شخص کم از کم ایک پودا ضرور لگائے تاکہ آئندہ نسلوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ میں سبز انقلاب کے لیے سرگرمِ عمل ہے اور شجرکاری مہم کے ثمرات آنے والی نسلوں کو میسر آئیں گے۔