ڈی سی آفس ننکانہ صاحب میں مذہبی اقلیتی خاندانوں میں مختلف گرانٹس کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد، صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے چیک تقسیم کیے

جمعہ 20 جون 2025 22:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا ویژن ہے کہ صوبہ بھر میں مذہبی اقلیتوں کو معاشرے میں انکا جائز مقام دلوایا جائے ،ایک سال میں جس طرح ایسٹر ، ہولی ، دیوالی ، بیساکھی ، بابا گرو نانک جی کا جنم دن اور دیگر تقریبات کو منایا گیا وہ اقلیت دوست پنجاب کی ایک بہترین مثال ہے، مذہبی اقلیتوں کی دیکھ بھال کے لئے 08 ارب روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں جس میں 04 ارب روپے مذہبی اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور مختلف ڈویلپمنٹ سکیموں کے لیے جبکہ 3.50 ارب روپے مینارٹی کارڈز کی مد میں رکھے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ڈی سی آفس ننکانہ صاحب میں مسیحی ، سکھ اور ہندو کمیونٹی میں مختلف گرانٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں 550 مذہبی اقلیتوں کے خاندانوں میں ایسٹر ، بیساکھی اور ہولی کی مناسبت سے چیک تقسیم کئے گئے۔ سکھ کمیونٹی کو 415 ،مسیحی کمیونٹی کو 80 اور ہندو کمیونٹی کے مابین 39 چیک تقسیم کیے گئے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سال بھر میں 22800 مذہبی اقلیتی خاندانوں میں گرانٹس کی تقسیم کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں میں احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنایا جا رہا ہے اور حال ہی میں 15 بچے اور بچیوں کو سی ایس ایس کی تیاری کے لیے اکیڈمی میں داخل کرایا گیا ہے،جسکا تمام تر خرچہ محکمہ انسانی حقوق واقلیتی امور برداشت کرے گا۔

اسی طرح پنجاب بھر میں مختلف گرجا گھروں وغیرہ کی تعمیر و بحالی کی جا رہی اور نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل لرننگ پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ننکانہ صاحب میں مسیحی کمیونٹی کا قبرستان کی تعمیر و توسیع سے متعلق دیرینہ مسئلہ تھا ، یہ مسئلہ بہت جلد حل ہونیوالا ہے جبکہ ننکانہ صاحب میں گرجا گھروں اور مختلف گوردواروں میں بھی کام جاری ہے۔