ننکانہ صاحب میں 550 مذہبی اقلیتی خاندانوں میں گرانٹس کی تقسیم، چیکس دیئے گئے

جمعہ 20 جون 2025 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2025ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وڑن ہے کہ صوبہ بھر میں مذہبی اقلیتوں کو انکا معاشرے میں جائز مقام دلوایا جائے اور جس طرح ایک سال میں ایسٹر ، ہولی ، دیوالی ، بیساکھی ، بابا گرو نانک جی کا جنم دن اور دیگر تقریبات کو منایا گیا وہ اقلیت دوست پنجاب کی ایک بہترین مثال ہے۔

حال ہی میں مذہبی اقلیتوں کی دیکھ بھال کے لئے 08 ارب روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں ، جس میں 04 ارب روپے ، مذہبی اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور مختلف ڈیویلپمنٹ اسکیموں کے لیے رکھے گئے جبکہ 3.50 ارب روپے مینارٹی کارڈز کی مد میں رکھے گئے ہیں اور خوشخبری یہ ہے کہ پہلے فی خاندان کو پچاس ہزار روپے مل رہے تھے جو کہ اب پچھتر ہزار کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ڈی سی آفس ننکانہ صاحب میں مسیحی ، سکھ اور ہندو کمیونٹی میں مختلف گرانٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں 550 مذہبی اقلیتوں کے خاندانوں میں ایسٹر ، بیساکھی اور ہولی کی مناسبت سے چیک تقسیم کئے گئے۔ سکھ کمیونٹی کو 415, مسیحی کمیونٹی کو 80 اور ہندو کمیونٹی کے مابین 39 چیک تقسیم کیے گئے۔ صوبائی وزیر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ سال بھر میں 22800 مذہبی اقلیتی خاندانوں میں گرانٹس کی تقسیم کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں میں احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنایا جا رہا ہے اور حال ہی میں 15 بچے اور بچیوں کو سی ایس ایس کی تیاری کے لیے اکیڈمی میں داخل کرایا گیا ہے،جسکا تمام تر خرچہ محکمہ انسانی حقوق واقلیتی امور برداشت کرے گا۔

پنجاب بھر میں مختلف گرجا گھروں وغیرہ کی تعمیر و بحالی کی جا رہی ہے اور نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل لرننگ کے پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے چیک 30 جون سے قبل بینکوں میں جمع کرادیں تاکہ بروقت کیش ہوسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ننکانہ صاحب میں مسیحی کمیونٹی کا دیرینہ مسئلہ تھا کہ قبرستان کی تعمیر و توسیع کی جائے تو یہ مسئلہ بہت جلد حل ہونیوالا ہے جبکہ ننکانہ صاحب میں گرجا گھروں اور مختلف گوردواروں میں بھی کام جاری ہے۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب ، سردار سرجیت سنگھ ، مختلف مذاہبِ کی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔