لاہورچیمبر اور پاکستان پراڈکٹس ہاؤس کے مابین’’میڈ اِن پاکستان‘‘ مصنوعات کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعہ 20 جون 2025 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان پراڈکٹس ہاؤس نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں،جس کا مقصد پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت، صنعتی و معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد اور پاکستان پراڈکٹس ہاؤ س کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد سجاد حسین نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران خرم لودھی اور احسن شاہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت کی رو سے دونوں ادارے کاروباری برادری کے مابین تعاون کو فروغ اور مشترکہ مفادات کے تحت معاشی روابط کو وسعت دیں گے۔ باہمی معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا،جس میں بزنس رپورٹس، ریسرچ اسٹڈیز، مارکیٹ سروے، جرائد، نیوز لیٹرز اور معاشی پالیسیوں سے متعلق مواد شامل ہوگا۔

(جاری ہے)

دونوں ادارے بی ٹو بی ملاقاتوں، تجارتی نمائشوں، سیمینارز، کانفرنسز اور دیگر تجارتی تقریبات کا انعقاد مشترکہ طور پر کریں گے تاکہ پاکستان اور افریقی کاروباری حلقوں کے درمیان رابطے مستحکم کیے جا سکیں۔صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی برآمدات بڑھانے اور افریقی مارکیٹ میں ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ مصنوعات کو متعارف کرانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ افریقہ ایک ابھرتی ہوئی منڈی ہے اور وہاں پاکستانی صنعتوں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔شاہد سجاد حسین نے کہا کہ پاکستان پراڈکٹس ہاؤ س، جو کہ افریقہ کے چھ اہم شہروں میں قائم ہے، پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت پاکستانی برآمدکنندگان کو نئی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوگی۔ یہ مفاہمتی یادداشت پاکستانی کاروباری برادری کے لیے ایک نیا دروازہ کھولے گی جو افریقی مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانا چاہتے ہیں۔ لاہور چیمبر اور پاکستان پراڈکٹس ہاؤ س کے اس اشتراک سے نہ صرف برآمدات کو فروغ ملے گا بلکہ دوطرفہ اقتصادی تعلقات میں بھی استحکام آئے گا۔