چینی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے ،حکومت ایکوا کلچر سیکٹر کے فروغ پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کررہی ہے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت

ہفتہ 21 جون 2025 17:13

چینی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کے شین ڈونگ ڈائے بائیو ٹیکنالوجی گروپ کے چیئرمین لو یونگشئن نے پیسک ہائوس میں ملاقات کی جس میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔چین کی سرمایہ کار کمپنی نے پنجاب میں فرٹیلائزرز،ایکواکلچر اور پیٹ فوڈ انڈسٹری سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

گروپ چیئرمین نے کہا کہ ہماراگروپ پاکستان میں تین مرحلوں میں 100ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے 10 فیڈ فیکٹریاں لگانے کا پلان رکھتا ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے وفد کوپنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو حاصل خصوصی مراعات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے، سرمایہ کار صنعتی مراکز میں صنعتی یونٹس لگانے کیلئے 30سال کیلئے لیز یا رینٹ پر بھی لینڈ حاصل کرسکتے ہیں ، اس مدت میں مزید توسیع بھی ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے بتایا کہ چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور مزید چائنیز کمپنیاں سرمایہ کاری کے لئے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے اور ہر ممکن سہولت دیں گے۔پنجاب حکومت ایکوا کلچر سیکٹر کے فروغ پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کررہی ہے۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور چین کی کمپنی کے دیگر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔