بلوچستا ن فوڈ اتھارٹی نے 35ایکڑ رقبے پر کاشت مضر صحت فصلیں تلف کردیں

جمعہ 20 جون 2025 20:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے شہریوں کی صحت کے تحفظ اور خوراک کی بہتری کیلئے جاری مہم کے تحت نوحصار میں سیوریج واٹر سے کاشت کی جانے والی غیر صحت بخش سبزیوں کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔تازہ ترین ایکشن میں 35 ایکڑ سے زائد رقبے پر زیر کاشت مضر صحت فصلیں جن میں ٹماٹر اور کدو شامل تھے مکمل طور پر تلف کر دی گئیں۔

ان فصلوں کو نالوں اور آلودہ پانی سے سیراب کیا جا رہا تھا جو شہریوں کی صحت کیلئے ممکنہ طور پر سنگین خطرہ ہیں۔قبل ازیں بی ایف اے حکام اور پولیس کی مشترکہ ٹیم جب کارروائی کے لیے پہنچی تو زمینداروں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ مشتعل افراد نے اتھارٹی اور پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

واقعے میں ملوث تین افراد کو موقع پر گرفتار کرکے ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا کہنا ہے کہ"قانون سے کوئی بالاتر نہیں شہریوں کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔" انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے مکمل تعاون سے اتھارٹی کی جانب سے ایسے غیر قانونی زرعی اقدامات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی ، مضر صحت خوراک کی پیداوار و فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔محفوظ خوراک ہر شہری کا بنیادی حق ہے ، بی ایف اے کی اس مہم کا بنیادی مقصد شہریوں کو صاف محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی یقینی فراہمی ہے۔