Live Updates

بظاہر عمران خان نے انویسٹی گیشن پروسس میں تعاون نہیں کیا، تمام مقدمات ممنوع جرائم کے زمرے میں آتے ہیں تحریری فیصلہ جاری

کیسز میں مزید تحقیقات اور تفتیش کی ضرورت ہے ، بانی پی ٹی آئی کی تمام درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں، جسٹس شہبازعلی رضوی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے 7 صفحات کا فیصلہ جاری کیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 3 جولائی 2025 16:05

بظاہر عمران خان نے انویسٹی گیشن پروسس میں تعاون نہیں کیا، تمام مقدمات ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03جولائی 2025)لاہورہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جسٹس شہبازعلی رضوی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے 7صفحات کا فیصلہ جاری کردیا، تحریری فیصلے میں عدالت کا کہنا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ اور وائس میچنگ کرانے کی اجازت دی لیکن بظاہر عمران خان نے انویسٹی گیشن پروسس میں تعاون نہیں کیا۔

فیصلے کے مطابق تمام مقدمات ممنوع جرائم اور ضابطہ فوجداری کے سیکشن 497 کے زمرے میں آتے ہیں۔ کیسز میں مزید تحقیقات اور تفتیش کی ضرورت ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی تمام درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔عدالت کے فیصلے میں مزید کہا گیا کہ بظاہر بانی پی ٹی آئی نے انویسٹی گیشن پراسس میں تعاون نہیں کیا۔

(جاری ہے)

بانی پی ٹی آئی کی تمام درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے اس سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں تھیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانتوں سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایاتھا۔عدالت نے انسداد دہشت گری عدالت لاہور کا بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے 15 جنوری کو 9 مئی کے 8مقدمات میں ضمانتوں کی درخواستیں دائر کی تھیں۔قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں 9مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانتوں کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیاتھا۔عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

درخواستوں پر سماعت جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی تھی فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔مقدمات کے تفتیشی افسران اور سپیشل پراسیکیوٹرز دوران سماعت عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانتیں خارج کی تھیں جس کے بعد بانی پی ٹی آئی نے جناح ہاؤس حملہ کیس دیگر مقدمات میں ہائیکورٹ میں درخواست دائر کیں تھیں۔بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ 9 مئی کو دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا۔ سیاسی انتقام کیلئے سازش کا الزام لگا کر مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات