Live Updates

ایسا کوئی حربہ نہیں کریں گے جس سے خیبرپختونخواہ بحران میں چلا جائے، عدم اعتماد سے متعلق کوئی تجویز زیربحث نہیں ہے،عرفان صدیقی

گورنر خیبرپختونخواہ کی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کو سازش سے عبارت کرنا درست نہیں، عدم اعتماد ایک آئینی اور قانونی چیز ہے بانی پی ٹی آئی خود اس کا شکار بنے ہوئے ہیں، ن لیگی سینیٹر کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 3 جولائی 2025 15:40

ایسا کوئی حربہ نہیں کریں گے جس سے خیبرپختونخواہ بحران میں چلا جائے، ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03جولائی 2025)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی حربہ نہیں کریں گے جس سے خیبرپختونخوا ہ بحران میں چلا جائے، عدم اعتماد سے متعلق کوئی تجویز زیربحث نہیں ہے ، گورنر خیبرپختونخواہ کی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کو سازش سے عبارت کرنا درست نہیں، جیو نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے ن لیگی سینیٹرنے کہا کہ عدم اعتماد ایک آئینی اور قانونی چیز ہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان خود اس کا شکار بنے ہوئے ہیں۔ احتجاج پی ٹی آئی سمیت ہر سیاسی جماعت کا آئینی وجمہوری حق ہے تاہم احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے پر حکومت کارروائی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت گرانے یا ختم کرنے کے حوالے سے کوئی تجویز اس وقت کسی بھی اعلیٰ سطح پر زیر بحث نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ہم خیبرپختونخواہ کو کسی بحران سے دوچار نہیں کرنا چاہتے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور راناثناء اللہ نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے خلاف کسی قسم کی تحریک عدم اعتماد زیر غور نہیں تھا۔ مولانا فضل الرحمان سے حکومت گرانے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی تھی۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کاکہنا تھا کہ خیبرپختونخوا ہ میں پی ٹی آئی کی حکومت اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سیاسی امانت کو علی امین گنڈاپور بخوبی سنبھالے ہوئے تھے۔

خیبرپختونخواہ میں صوبائی حکومت گرانے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔پاکستان تحریک انصاف جمہوریت کو مکالمے سے نہیں بلکہ ڈیڈلاک سے چلانا چاہتی تھی۔ پی ٹی آئی کی سیاست ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے سہارے رہی تھی وہ اقتدار میں واپس آنے کیلئے ایک بار پھر یہی سہارا چاہتی تھی مگر اب یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔انہوں نے یہ بھی کہا تھاکہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج کرتی ہے اور قانون ہاتھ میں نہیں لیتی، تو یہ ان کا جمہوری حق تھا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو کئی بار مذاکرات کی دعوت دی تھی۔وزیراعظم نے ان سے یہاں تک کہا تھا کہ اگر آپ مجھ سے بات نہیں کرنا چاہتے تو سپیکر چیمبر میں آجائیں میں وہیں آ جاؤں گا مگر پی ٹی آئی نے بات چیت کے دروازے ہمیشہ بند کئے رکھے تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات