پنجاب بھر میں یکم تا 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ، اسلحہ، اشتعال انگیزی وڈبل سواری پر پابندی عائد

ہفتہ 21 جون 2025 12:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے پیش نظر صوبہ بھر میں یکم تا 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کسی بھی قسم کی نئی اختراع یا روایت کی اجازت نہیں ہوگی، مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر اسلحہ یا آتش گیر مواد کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے،حکومتی اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت پھیلانے والے بیانات، نعرے، اشارے یا تبصرے کسی بھی پلیٹ فارم یا ڈیوائس کے ذریعے پھیلانے پر سخت پابندی ہوگی، علاوہ ازیں جلوس کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے یا پتھر،اینٹیں،بوتلیں اور کچرا ذخیرہ کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نوٹیفیکیشن کے مطابق جلوسوں کے دوران عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر بھی پابندی ہوگی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے،بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ صوبہ بھر میں 9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ دیگر تمام پابندیوں کا اطلاق یکم تا 10 محرم الحرام تک برقرار رہے گا۔ترجمان محکمہ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کے قیام میں حکومت کا ساتھ دیں اور جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔