مختلف شہروں سے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

کارروائیوں کے دوران 8ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے، اے این ایف

ہفتہ 21 جون 2025 13:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں 7کامیاب کارروائیاں کیں، جن میں 8ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان اے این ایف کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 168.443 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 2کروڑ 34لاکھ روپے سے زائد ہے۔

راولپنڈی کے علاقے مریڑ حسن میں اسکول کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے 105ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں جن کا وزن 55گرام تھا۔ گرفتار ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ یہ گولیاں تعلیمی اداروں کے طلبہ کو فروخت کرتا تھا۔فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے ایک مسافر کے سامان سے 988گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

لاہور کے قصور روڈ پر کارروائی میں 3ملزمان سے 5کلو ہیروئن اور 3ڈرونز قبضے میں لیے گئے۔

اسی طرح حیدرآباد کے آٹو بھان روڈ پر ایک کوریئر آفس کے قریب گاڑی سے 3کلو چرس برآمد ہوئی اور 3ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پشاور میں یونیورسٹی روڈ کے قریب ایک گاڑی سے 3کلو ہیروئن اور 14.4کلو چرس قبضے میں لی گئی۔پشاور ہی کے علاقے شاہکاس (خیبر)سے اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 30کلو افیون اور 30کلو چرس برآمد کی گئی جبکہ چاغی کے علاقے داد آباد، دالبندین سے 18کلو چرس برآمد ہوئی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔