امیر الدین میڈیکل کالج : سمر کلینیکل انہانسمنٹ اینڈ ریسیس ٹیشن ٹریننگ میں 100 سٹوڈنٹس کی شرکت

ہفتہ 21 جون 2025 17:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن نہ صرف ڈاکٹرز کے ذہنوں کو روشن کرتی ہے بلکہ پوری انسانیت کیلئے زندگی، اُمید اور بہتری بھی لاتی ہے۔میڈیکل سٹوڈنٹس کے لئے سمر کیمپ کا انعقاد اُن کی پیشہ وارانہ مہارت کو بڑھانے اور تشویشناک مریضوںکی جان بچانے کی تربیت (ریسیس ٹیشن ) اُن کی عملی زندگی میں دورس نتائج کی حامل ہوتی ہے اورمیڈیکل پروفیشن میں آنے والوں کو اپنی پیشہ وارانہ استعدادکار اور نالج کو اپ ڈیٹ کرنے کیلئے مسلسل رہنمائی اور ٹریننگ کی ضرورت نا گزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر فاروق افضل نے امیر الدین میڈیکل کالج کے زیر اہتمام "سمر کلینیکل انہانسمنٹ اینڈ ریسیس ٹیشن ٹریننگ "کی اختتامی تقریب میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

پانچ روزہ "سمر کلینیکل کیمپ" میں ایم بی بی ایس فائنل ائیر کے 100 سٹوڈنٹس شریک ہوئے ۔میڈیکل ٹیچرز نے سمر کیمپ میں اے ایم سی کے طلبا و طالبات کو تشویش ناک حالت میں آنے والے مریضوں کی جان بچانے کے لئے "ریسیس ٹیشن" اور مختلف شعبوں میں عملی تربیت فراہم کی جبکہ پروفیسر صاحبان نے انہیں آگاہی دی ۔

مختلف شعبوں کے پروفیسرز نے سٹوڈنٹس کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لئے مستقبل میں انہیں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے رہنما اصولوں اور پروفیشنلز سکلز بارے تفصیلی روشنی ڈالی ۔ پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ کورس کا مقصد مستقبل کے ڈاکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے اور نوجوان پر زوردیا کہ وہ مریضوں کے طبی معائنے، جدید طریقہ علاج اور تشخیص کے پہلوؤں پر خصوصی توجہ دیں ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن صرف ایک پیشہ ورانہ تعلیم نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا ذریعہ ہے،یہ علم، مہارت اور اخلاقیات کا ایسا امتزاج ہے جو کسی بھی ملک کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن ایک ایسی روشنی ہے جو نہ صرف ڈاکٹرز کے ذہنوں کو روشن کرتی ہے بلکہ پوری انسانیت کے لیے زندگی، اُمید اور بہتری کا پیغام بھی لاتی ہے۔

کورس میں لیکچر دینے والوں میں پروفیسر فرح شفیع، پروفیسر ندرت سہیل ،پروفیسر محمد شاہد ،پروفیسر ارشد چیمہ ، پروفیسر آفتاب محسن ،پروفیسر آصف بشیر ، پروفیسر عاکف دلشاد ،پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین ، پروفیسر خرم سلیم ، پروفیسر شاندانہ طارق، پروفیسر آمنہ جاوید ،پروفیسر آمنہ احسن چیمہ ، ڈاکٹر شبنم محمد علی، ڈاکٹر عندلیب، ڈاکٹر کلیم اللہ ، ڈاکٹر سعید ،ڈاکٹر عافیہ ،ڈاکٹر حسن سلمان ملک ، ڈاکٹر محمد مقصود و دیگر شامل تھے جنہوں نے طلبا کو لیکچرز اور عملی تربیت فراہم کی ۔

پروفیسر فاروق افضل نے کامیاب کورس کے انعقاد پر کورس کی ڈائریکٹر پروفیسر فرح شفیع اور کوآرڈینیٹر ڈاکٹر بشریٰ اعظم ہاشمی کی کاوشوں کی تعریف کی اور توقع ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی میڈیکل سٹوڈنٹس کی تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری رکھیں گی ۔ تقریب کے اختتام پر سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے ۔