Live Updates

خیبر پختونخوا کی حکومت نے تاریخی بجٹ پیش کیا ،ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی گئی، پختون یارخان

ہفتہ 21 جون 2025 22:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے ایک تاریخی بجٹ پیش کیا ہے جو دو ہزار بلین سے زائد کا ہے ۔یہ ایک ٹیکس فری بجٹ ہے جس میں ترقیاتی منصوبوں کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بجٹ میں ہر ضلع اور ڈویژن کو بھرپور نمائندگی دی گئی ہے ۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی بجٹ میں بنوں کیلئے درجنوں ترقیاتی منصوبے منظور کئے گئے ہیں جن پر جلد کام شروع ہونے والا ہے ۔ان منصوبوں میں صحت، تعلیم، سڑکوں، پینے کے پانی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے دیگر منصوبے شامل ہیں جو عوامی سہولت کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے جبکہ سوشل ویلفیئر کے شعبے کو بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مستحق خاندانوں کیلئے اجتماعی شادیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس کا باقاعدہ آغاز ضلع بنوں سے کیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار اس سطح کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر 123 مستحق جوڑوں کی شادی کی پروقار تقریب بنوں کے مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی جس میں ہر جوڑے کو حکومت کی جانب سے 2،2 لاکھ روپے کے امدادی چیکس فراہم کئے گئے۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی آمین گنڈا پور کوشش کر رہے ہیں کہ آڈیالہ جیل میں ناحق قید کئے گئے قائد عمران خان سے ملاقات کی جاسکے لیکن بدقسمتی سے انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔اُنہوں نے کہا کہ ملاقات کا مقصد صرف سیاسی نہیں بلکہ اصولی ہے تاکہ عمران خان کی رائے اور ان کی ریاستِ مدینہ کی سوچ کو صوبائی بجٹ اور پالیسیوں کا حصہ بنایا جاسکے۔

اُنہوں نے فوری طور پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو خان صاحب سے ملاقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک ناحق قیدی ہے اُنہوں نے بہت تکلیفیں برداشت کی ہیں مگر ان کا حوصلہ بلند ہے اور وہ کسی کے سامنے اپنا سر نہیں جھکائے گا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم خان، اسسٹنٹ کمشنر اللہ نواز خان، ٹی ایم اے یوسف خان، چیئرمین زکوٰة کمیٹی نیاز احمد، حاجی ملک محمد اللہ داوڑ، ملک اقبال جدون، سکندر حیات خان اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

اُنہوں نے کہا کہ بنوں کے بعض سیاسی مخالفین صرف سوشل میڈیا تک محدود ہیں اور اب ترقیاتی منصوبوں کا جھوٹا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں اگر یہ منصوبے واقعی ان کے ہوتے تو نگران حکومت کے دوران ان پر عمل درآمد کیوں نہ کیا گیا عوام بخوبی جان چکے ہیں کہ کون عملی کام کرتا ہے اور کون صرف بیانات کی حد تک سیاست کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اپنے قائد عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈا پور کے وژن پر مکمل یقین رکھتے ہیں ان کی قیادت میں صوبہ ترقی، امن، انصاف اور عوامی فلاح کی راہ پر گامزن ہے۔ ہم پرعزم ہیں کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت ان کے آئینی حقوق کا تحفظ اور ایک خوشحال مستقبل کی تشکیل ہی ہماری حقیقی سیاست کا مقصد ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات