درختوں کی غیر قانونی کٹائی ماحولیاتی دہشت گردی ، عالمی ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی

نوشہرہ پریس کلب کا کنٹونمنٹ بورڈ نوشہرہ سے درختوں کی غیر قانونی و غیر ضروری کٹائی کے آڈٹ کا مطالبہ

ہفتہ 21 جون 2025 22:47

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)نوشہرہ پریس کلب نے درختوں کی غیر قانونی کٹائی ماحولیاتی دہشت گردی اور بین الاقوامی ماحولیاتی قوانین کی بڑی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ نوشہرہ سے درختوں کی غیر قانونی و غیر ضروری کٹائی پر آڈٹ کا مطالبہ کردیا ۔

(جاری ہے)

پریس کلب اراکین ،صوبائی امن جرگہ اور نوشہرہ کے سیاسی ،سماجی اور مذہبی حلقوں نے ماحول تباہ کرنے والی مافیا کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کردیا، ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کرنی چاہئے اس سلسلے میں نوشہرہ پریس کلب کا ایک اجلاس زیر صدارت صدر پریس کلب نوشہرہ حاجی ظہور احمد منعقد ہوا جس میں نوشہرہ پریس کلب کے فنانس سیکرٹری واجد علی ،ممبر پریس کلب بخت بسیار ،جنرل سیکرٹری محمد شاہد ،سید ولی اللہ شاہ ،تفہیم الرحمن اور دیگر اراکین پریس کلب شریک ہوئے اجلاس میں شرکا نے کہا کہ نوشہرہ کینٹ میں غیر قانونی درختوں کی کٹائی انتہائی گھمبیر مسئلہ بن چکا ہے، آج شدید گرمی اور حبس کی اصل وجہ یہی ہے کہ چند ٹکوں کیلئے درختوں کی بے رحمانہ کٹائی کی جاتی ہے انہوں نے کہاکہ نوشہرہ کینٹ میں گزشتہ ایک عرصے سے درختوں کی غیر قانونی کٹائی سے قدرتی ماحول برباد ہوچکاہے اور انسانوں کے علاہ چرند پرند بری طرح متاثرہورہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ درختوں کی کٹائی ماحولیاتی دھشت گردی ہے اس لئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نوشہرہ کینٹ میں غیر قانونی درختوں کی کٹائی کی آڈٹ کرائی جائے انہوں نے کہاکہ عید کے روز نوشہرہ کے سینئر صحافیوں نے اس مذموم دھندے کو بے نقاب کیا اور نوشہرہ کینٹ مین جی ٹی روڈ پر تناآور درخت کاٹنے کے حوالے سے خبر دی اور بڑے جرم کی نشان دہی کی ہے اب مافیا ان سینئر صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائی کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں جو ناقابل قبول ہے انہوں نے ماحول تباہ کرنے والی مافیا کے خلاف بھرپور احتجاج کرنے کا اعلان کیاہے واضح رہے کہ صوبائی امن جرگہ کے چیئرمین سید کمال شاہ باچا ،سماجی کارکن محمد ولید اختر ،افتخار احمد خان اور انجمن تاجران نوشہرہ کے صدر خالد خان آفریدی نے کینٹ بورڈ نوشہرہ حکام کے بڑیسکینڈل بے نقاب کرنے والے صحافیوں کے ساتھ اظہار یکہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینٹ بورڈ نوشہرہ حکام درختوں کی غیر قانونی کٹائی والے بڑے سکینڈل اشکار کرنے پر صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر اتر کر اپنی بدعنوانیوں کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں لیکن ہم کینٹ بورڈ نوشہرہ حکام کے ان مذموم مقاصد کو پاش پاش کر کے دم لیں گے۔