السعودیہ کے انڈونیشیا جانے والے طیارے میں بم کی اطلاع، ایک ہفتے میں دوسرا واقعہ

اتوار 22 جون 2025 08:40

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) سعودی عرب کی فضائی کمپنی السعودیہ کی پروازایس وی 5688 جو حجاج کو واپس انڈونیشیا لے جا رہی تھی بم کی اطلاع پر اس کا رخ موڑ دیا گیا۔عاجل اور عرب نیوز کے مطابق جدہ سے انڈونیشیا جانے والی السعودیہ کی پرواز کو مسقط میں سٹاپ اوور کے بعد انڈونیشیا کے جزیرے سورابایا ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے بتایا انڈونیشیا کے درارلحکومت جکارتہ میں ایئرٹریفک کنٹرولرز کو ایک کال موصول ہوئی جس میں طیارے میں بم کی دھمکی سے خبردار کیا گیا۔بم کی اطلاع پر سنیچر کی صبح طیارے کا رخ شمالی سماٹرا میں کوالانامو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔ریجنل ایئرپورٹ اتھارٹی کے سربراہ اسری سانتوسا نے ایک بیان میں کہا کہ حکام طیارے کا معائنہ کر رہے ہیں، تاہم ایئرپورٹ مکمل طور پر آپریشنل ہے۔سماٹرا پولیس ترجمان نے بتایاکہ تمام 376 مسافر اور عملے کے 13 ارکان بخیریت ہیں۔ مسافروں کو اتوار کو ان کی منزل پر پہنچایا جائے گا۔