ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا ڈسکہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرنے لے لئے دورہ

اتوار 22 جون 2025 17:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے ڈسکہ شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور ان منصوبوں پر جاری کام کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے جامکے چیمہ روڈ پر سیور لائن کی تنصیب، کالج روڈاور پسرور روڈ کی تعمیرِ نو کے منصوبوں کا موقع پر معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ دیر تک مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام منصوبوں کو مفاد عامہ کو مدنظر رکھتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جامکے چیمہ روڈ پر سیور لائن کی تنصیب کا کام آئندہ 10 روز کے اندر مکمل کیا جائے جس کے بعد اسکوپ آف ورک کے مطابق اگلے مراحل کا آغاز کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ منصوبوں کی تکمیل ایک باقاعدہ ترتیب سے کی جائے تاکہ کسی بھی علاقے میں سڑکوں کی بندش یا دیگر رکاوٹوں کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ جن سڑکوں پر تعمیراتی کام کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے، وہاں ٹریفک پولیس کے تعاون سے متبادل ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے اور شہریوں کی سہولت کے لیے واضح اور نمایاں سائن بورڈز آویزاں کیے جائیں تاکہ ٹریفک روانی میں خلل نہ آئے۔

متعلقہ عنوان :