افسران کرسی کو طاقت نہیں بلکہ خدمت کا ذریعہ بنائیں ،گورنرسندھ

عوام کے ساتھ نرم لہجہ رکھیں ، دفاتر کے دروازے عوام کے لئے کھول دیں ، 38ویں منیجمنٹ کورس کے شرکاء سے گفتگو

ہفتہ 27 ستمبر 2025 17:10

افسران کرسی کو طاقت نہیں بلکہ خدمت کا ذریعہ بنائیں ،گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ عوامی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے، کرسی کو طاقت نہیں، خدمت کا ذریعہ بنائیں۔پاکستان میں پرائمری ایجوکیشن کمیشن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ موجودہ تعلیمی نظام کو مزید عملی (practical) بنا کر طلبہ کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ مقامی حکومت کو بااختیار بنا کر ہی عوام کی حقیقی خدمت ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گورنر ہائوس میں 38ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ آپ کو یہ عہدہ عوام کی خدمت کے لیے دیا گیا ہے۔ ایمانداری، وقت کی پابندی اور عوامی مسائل کے فوری حل کی صلاحیت ہی ایک افسر کی اصل پہچان ہے۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے افسران کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ افسران بھی اپنے دفاتر کے دروازے عوام کے لیے کھلے رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ آج گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں تاکہ یہ تاریخی عمارت قریب سے دیکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن، سفارش اور ناانصافی کسی بھی ادارے کو کھوکھلا کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران عوام کے ساتھ نرم لہجہ رکھیں، ان کے دکھ درد کو محسوس کریں، فیصلے انصاف اور میرٹ پر کریں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں نوجوانوں کے لیے آئی ٹی، اسپورٹس اور ٹیلنٹ ایوارڈز جیسے متعدد انیشیٹیوز شروع کئے گئے ہیں۔

آج گورنر ہاؤس میں 50,000 نوجوان جدید آئی ٹی کورسز کی مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ دوران تربیت نوجوان ہزاروں ڈالرز ماہانہ کمانے کے قابل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی نوجوانوں کے لیے بیرون ملک ملازمتوں کے لیے اداروں سے معاہدے بھی سائن کئے جا چکے ہیں۔