کراچی،17سالہ لڑکی اپنے ماموں کی فائرنگ سے جاں بحق، ملزم گرفتار

ہفتہ 27 ستمبر 2025 17:10

کراچی،17سالہ لڑکی اپنے ماموں کی فائرنگ سے جاں بحق، ملزم گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹائون میں فائرنگ کے نتیجے 17 سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئی جبکہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ریسکیو کے ذرائع کے مطابق فائرنگ سے لڑکی کے جاں بحق ہونے کا واقعہ شاہ لطیف ٹائون سیکٹر 20 میں پیش آیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق لڑکی اپنے ماموں کی ہوائی فائرنگ سے جاں بحق ہوئی، فاطمہ شادی کی تقریب میں اپنے ماموں کے گھر آئی ہوئی تھی، ملزم نثار نے پہلے گلی میں ہوائی فائرنگ کی اور پھر گھر کے اندر بھی ہوائی فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے کچن میں کھڑی فاطمہ کو گردن پر گولی لگی جو موت کا سبب بنی۔پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کی گولیوں کے خول تحویل میں لے لیے گئے ہیں جبکہ ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق لڑکی کے اہل خانہ کا اپنے بیان میں بتانا ہے کہ گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی، لڑکی ایک طرف گردن جھکائے بیٹھی تھی، سمجھے کہ سو گئی ہے، تقریب کے بعد بیٹی کو اٹھانے کی کوشش کی تو وہ گِر گئی۔