ڈی جی پی ایچ اے لاہور کامری میں کشمیر پوائنٹ پر نئے تعمیر ہونے والے پی آئی اے پارک، باغ شہیداں پارک اور بوٹینیکل گارڈن کا دورہ

اتوار 22 جون 2025 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور منصور احمد نے ڈائریکٹر ایڈمن صولت حیات وٹو کے ہمراہ مری میں کشمیر پوائنٹ پر نئے تعمیر ہونے والے پی آئی اے پارک، باغ شہیداں پارک اور بوٹینیکل گارڈن کا دورہ کیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر انجینئرنگ محمد اصغر نے ڈی جی پی ایچ اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 17 کنال پر محیط پی آئی اے پارک کا 75 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ باغ شہیداں پارک کا 50 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے، دونوں پارکس جولائی اور اگست کے اختتام تک مکمل کر لیے جائیں گے اور 160 کنال پر محیط بوٹینکل گارڈن پر بھی کام بھی شروع کردیا گیا۔

دورے کے دوران منصوبے سے منسلک کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز نے منصوبے کی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد نے ہدایت جاری کی کہ تعمیراتی کام کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور ہر مرحلے میں انجینئرنگ، ہارٹیکلچر اور سول ورک کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مری میں نئے پارکس کا قیام سیاحوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک مثبت قدم ہے جس سے نہ صرف مقامی لوگوں اور سیاحوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔