Live Updates

9 مئی جناح ہاؤس حملہ و دیگر مقدمات، عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا،مقدمات کے تفتیشی افسران اور سپیشل پراسیکیوٹرز دوران سماعت عدالت میں پیش ہوئے،درخواستوں پر سماعت جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 23 جون 2025 13:20

9 مئی  جناح ہاؤس حملہ و دیگر مقدمات، عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں ..
 لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جون 2025)لاہور ہائیکورٹ میں 9مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانتوں کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا،عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا،درخواستوں پر سماعت جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی، فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا،مقدمات کے تفتیشی افسران اور سپیشل پراسیکیوٹرز دوران سماعت عدالت میں پیش ہوئے۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانتیں خارج کی تھیں جس کے بعد بانی پی ٹی آئی نے جناح ہاؤس حملہ کیس دیگر مقدمات میں ہائیکورٹ میں درخواست دائر کیں تھیں۔بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ 9 مئی کو دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا۔

(جاری ہے)

سیاسی انتقام کیلئے سازش کا الزام لگاکر مقدمات میں نامزد کیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی 2 برس سے زائد عرصہ سے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل بتایاگیاتھا کہ لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دیں تھیں۔لاہور ہائیکورٹ نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی کاز لسٹ بھی جاری کر دی تھی۔ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی بنچ 23 جون کو سماعت کریگا۔

دو رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس شہباز رضوی ہیں جبکہ جسٹس طارق محمود باجوہ بھی بنچ کا حصہ تھے۔ فریقین کے وکلاء 23 جون کو ضمانت کی درخواستوں پر مزید دلائل دیں گے۔یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو مختلف شہروں میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف کئی مقدمات درج کئے گئے تھے جن میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، اشتعال انگیزی اور امن و امان کی صورتحال بگاڑنے جیسے الزامات شامل تھے۔

قبل ازیں بھی لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی 19 جون 2025 تک ملتوی کر دی تھی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی تھی۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بچھر بھی پیش ہوئے تھے۔

پراسیکیوٹر نے استدعا کی تھی کہ ٹرائل کورٹ کی ہدایات نہ ماننے پر ضمانت کی درخواستیں خارج کی جائیں۔ سرکاری وکیل نے دلائل میں یہ نکتہ اٹھایا کہ جو جرم ہوا ہے اعانت جرم کرنے والے بھی وہی سزا ملے گی۔سرکاری وکیل کے مطابق عمران خان اقتدار سے باہر آنے کے بعد سے لوگوں کو اداروں کے خلاف اکسا رہے تھے۔گواہوں نے بھی شہادت دی کہ سازش بانی پی ٹی آئی نے تیار کی تھی۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات