Live Updates

تحصیل دھیرکوٹ میں محکمہ صحت کے زیر اہتمام حفاظتی ٹیکوں سے متعلق آگاہی سیمینار

ایم ایس تحصیل ہسپتال دھیرکوٹ ڈاکٹر حفصہ اشتیاق گیلانی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ہسپتال میں جاری حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی

پیر 23 جون 2025 14:56

دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)تحصیل دھیرکوٹ میں محکمہ صحت آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام حفاظتی ٹیکوں سے متعلق ایک اہم آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا جس کا مقصد عوام الناس، خاص طور پر والدین، اساتذہ اور مقامی نمائندوں کو بچوں کی ویکسینیشن سے متعلق شعور و آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پربگ کیچ اپ مہم پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی گئی، جو 16 جون سے 28 جون تک جاری رہے گی۔

یہ سیمینار تحصیل ہسپتال دھیرکوٹ میں منعقد ہوا جہاں علاقے بھر سے محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران، ویکسینیشن ٹیموں کے نمائندگان، مقامی سیاسی و سماجی رہنما، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس پروگرام کی صدارت پروفیشنل پروگرام منیجر ای پی آئی آزاد کشمیر ڈاکٹر سردار منظور حسین نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ ضلع باغ کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سید محسن گردیزی، ڈسٹرکٹ سپروائزر ویکسینیشن راجہ محمد حنیف، جنرل سیکرٹری ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن محمد عدنان عباسی اور ایم ایس تحصیل ہسپتال دھیرکوٹ ڈاکٹر حفصہ اشتیاق گیلانی بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

ایم ایس تحصیل ہسپتال دھیرکوٹ ڈاکٹر حفصہ اشتیاق گیلانی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ہسپتال میں جاری حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بگ کیچ اپ مہم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر حفصہ اشتیاق گیلانی نے بتایا کہ یہ خصوصی مہم ان بچوں کے لیے شروع کی گئی ہے جو کورونا وبا کے دوران حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس مکمل نہ کر سکے۔

مہم کے دوران ایسے تمام بچوں کو شناخت کرکے ان کا مکمل حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس مکمل کروایا جائے گا تاکہ بیماریوں کے خطرے کو کم سے کم کیا جا سکے۔ڈاکٹر سردار منظور حسین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم دراصل ایک قومی فریضہ ہے، جس کا مقصد ایک محفوظ، صحت مند اور متوازن معاشرہ تشکیل دینا ہے۔ والدین اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بھی بچہ بیماریوں سے غیر محفوظ نہ رہ جائے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حفاظتی ٹیکوں کا نظام نہ صرف بچوں کو بیماریوں سے بچانے میں مددگار ہے بلکہ اس سے ایک طویل مدتی قومی صحت کا تحفظ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سید محسن گردیزی نے حاضرین کو ضلع باغ میں جاری ویکسینیشن مہم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام تحصیلوں میں متحرک ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگا رہی ہیںہم نے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت تحصیل، یونین کونسل اور وارڈ سطح پر مائیکرو پلاننگ کی ہے۔

کوئی بھی بچہ اس مہم سے محروم نہ رہے، اس بات کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔پروگرام کے بعد تمام افسران اور عہدیداران نے تحصیل ہسپتال دھیرکوٹ اور اس کے نواحی علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف ویکسینیشن مراکز، ٹیموں کی کارکردگی، ادویات و سازوسامان کی دستیابی، ویکسین کی کولڈ چین سسٹم کی حالت اور والدین کے رجحانات کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر حفصہ اشتیاق گیلانی نے بتایا کہ ہمارے پاس مکمل عملہ، ویکسینیشن کا مطلوبہ سامان اور سرد خانے کی سہولیات دستیاب ہیں۔ ہم پوری ذمہ داری کے ساتھ مہم کے اہداف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔جنرل سیکرٹری محمد عدنان عباسی نے کہا کہ محکمہ صحت کے ملازمین اپنی محدود تنخواہوں اور سہولیات کے باوجود عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ویکسینیٹرز کی استعداد کار بڑھانے اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔سیمینار میں موجود مقامی سیاسی و سماجی شخصیات نے محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ بگ کیچ اپ مہم ایک دیرپا اور مثبت اثرات کی حامل مہم ہے، جس سے نہ صرف بچوں کو مہلک بیماریوں سے تحفظ ملے گا بلکہ صحت کا مجموعی نظام بھی بہتر ہوگا۔

تمام مقررین نے والدین، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، دینی مدارس اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ویکسینیشن ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم کسی فرد واحد کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ ہر بچہ ہمارا مستقبل ہے، اس کا تحفظ ہم سب کا فرض ہے۔سیمینار کے اختتام پر افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بگ کیچ اپ مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا اور کسی بھی بچے کو حفاظتی ٹیکہ جات سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے اختتام پر ایک مفصل رپورٹ تیار کی جائے گی جس میں ہر یونین کونسل کی کارکردگی کا جائزہ شامل ہوگا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات