آئی جی ایف 2025 میں پی ٹی اے اور ناروے میں پاکستان کی سفیرکی پاکستان کی جانب سے نمائندگی

پیر 23 جون 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء) ناروے میں پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) کے ساتھ ناروے کے شہر لیلسٹروم میں منعقدہ انٹرنیٹ گورننس فورم (آئی جی ایف) 2025 میں پاکستان کی فعال نمائندگی کی۔پی ٹی اے کے چیئرمین، میجر جنرل (ریٹائرڈ ) حفیظ الرحمٰن، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، نے معزز سفیر کے ہمراہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں شرکت کی جن میں عالمی ڈیجیٹل پالیسیوں سے متعلقہ اہم امور پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کیا گیا۔

ان مشترکہ اشتراک کی بدولت انٹرنیٹ گورننس، سائبر جرائم اور ڈیجیٹل شمولیت میں بین الاقوامی تعاون کے پیش نظر پاکستان کا عزم واضح ہوتا ہے۔چیئرمین پی ٹی اے نے مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کے سماجی اثرات اورسائبر جرائم کے خلاف جدوجہد میں آزادی اظہارِ رائے کا تحفظ جیسے موضوعات پر منعقدہ سیشنز میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایسے چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ایک ایسا پالیسی فریم ورک ناگزیر ہے جو مقامی سیاق و سباق کے پیش نظر ہو نے کے ساتھ ساتھ کئی فریقین کی شمولیت پر بھی مبنی ہو، اور اعداد و شمار کی بنیاد پر ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاروباری مفادات سے ہٹ کر سرحد پار تعاون، مقامی زبانوں کے فروغ، اور منصفانہ ڈیجیٹل نظام کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔واضح رہے کہ آئی جی ایف 2025 میں پی ٹی اے کی شرکت سے عالمی سطح پر محفوظ، جامع اور انسانی حقوق پر مبنی ڈیجیٹل مستقبل کی تشکیل میں پاکستان کے فعال کردار اور ریگولیٹری قیادت ظاہر ہوتی ہے۔