شاہ رخ خان کا اپنی ٹیم کیلئے 2 پاکستانی کھلاڑیوں سے معاہدہ

پیر 23 جون 2025 23:05

شاہ رخ خان کا اپنی ٹیم کیلئے 2 پاکستانی کھلاڑیوں سے معاہدہ
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2025ء کے ڈرافٹ میں اپنی ٹیم ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز (ٹی کے آر) کیلئے 2 پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز میں شامل ہونے والے 2 پاکستانی کھلاڑیوں میں محمد عامر اور عثمان طارق کے نام شامل ہیں۔محمد عامر پہلے ہی سی پی ایل کے 4 سیزن کھیل چکے ہیں اور اس دوران انہوں نے 39 میچز میں 18.09 کی شاندار اوسط سے 51 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

ڈیتھ اوورز میں اپنی سوئنگ اور مہارت کے لیے مشہور محمد عامر سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے بولنگ اٹیک کو مضبوط بنائیں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کریں گے۔آف اسپنر عثمان طارق نے پی ایس ایل 2025ء میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 5 میچز میں 10 وکٹیں لیں۔یہ عثمان طارق کا سی پی ایل میں ڈیبیو ہوگا اور بہت سے لوگ یہ دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں کہ وہ کیریبین پچز پر کیسی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔