محکمہ لائیو سٹاک حکومت پنجاب کی جانب سے کانگو بخار کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جامع ایڈوائزری جاری

پیر 23 جون 2025 22:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) محکمہ لائیو سٹاک حکومت پنجاب کی جانب سے کانگو بخار (CCHF) کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامع ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں کانگو وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ احتیاطی تدابیر کو عام عوام تک فوری پہنچایا جائے۔ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر "فارمر ڈے"، "کسان بیٹھک"، ریڈیو پروگرامز اور اخبارات کے ذریعے مویشی پال حضرات، قصابوں اور دیگر متعلقہ افراد میں شعور اجاگر کیا جا رہا ہے۔

اس ضمن میں موبائل ویٹنری ڈسپنسریاں فعال کردار ادا کر رہی ہیں جو مویشیوں پر سپرے، اعلانات اور شہری و دیہی علاقوں میں بروشرز و آگاہی مواد کی تقسیم کے ذریعے حفاظتی پیغامات پہنچا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ لائیو سٹاک کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق مویشیوں کو ہاتھ لگانے سے قبل دستانے ضرور پہنیں۔ منڈی میں جاتے وقت مکمل آستینوں والے کپڑے اور بند جوتے پہنیں۔

بچوں اور بزرگوں کو مویشی منڈیوں میں ساتھ لے جانے سے گریز کریں۔ منڈی میں ماسک پہنیں اور ہلکے رنگ کے کپڑے زیب تن کریں۔ چیچڑوں کو ہاتھوں سے نہ اتاریں اور نہ ہی کچلیں۔ کانگو وائرس کی علامات میں تیز بخار، سر درد، کمر درد، جوڑوں کا درد، قے، آنکھوں کی سرخی اور جسم پر سرخ دھبے شامل ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک نے خاص طور پر مویشی پال افراد، زرعی کارکنان، طبی عملے، قصابوں اور مذبحہ خانوں کے ملازمین کو اپنی ذاتی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت و سلامتی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔