بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے دو ریکارڈ یافتہ ملزمان حقیقی بھائی مبینہ پولیس مقابلہ میں گرفتار

پیر 23 جون 2025 23:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) فیصل آباد پولیس نے بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے دو ریکارڈ یافتہ ملزمان حقیقی بھائیوں کو مبینہ پولیس مقابلہ کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ حکام نے بتایا کہ انچارج سی سی ڈی مدینہ ڈویژن علی اکرام گورائیہ نے ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کرکے کار و موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے دو ریکارڈ یافتہ حقیقی بھائیوں نوید اور وقاص ساکنین لودھراں مبینہ پولیس مقابلہ کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق انچارج سی سی ڈی مدینہ ڈویژن سب انسپکٹر علی اکرام گورائیہ نے اینٹی وہیکل سکواڈ کے سب انسپکٹر حنان مرتضی کے ہمراہ تھانہ نشاط آباد کے علاقہ 8 چک کے قریب ناکہ بندی کے دوران 2 موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی اور جوابی فائرنگ کے بعد پولیس نے 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ اور تھانہ غلام محمد آباد میں درج چوری کے مقدمہ کی موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت نوید اور وقاص کے ناموں سے ہوئی جو کہ لودھراں رہائشی اور سگے بھائی ہیں۔ ملزمان ڈکیتی چوری کے متعدد مقدمات کے ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری ہیں۔ ملزمان تھانہ سول لائن ،غلام محمد آباد،مدینہ ٹاون اور تھانہ پیپلز کالونی میں درج کار و موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔پولیس نے زخمی ڈاکوؤں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔