خواتین نے ہمیشہ سفارتی محاذ پر گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

منگل 24 جون 2025 14:52

خواتین نے ہمیشہ سفارتی محاذ پر گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ،ڈاکٹر ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خواتین نے ہمیشہ سفارتی محاذ پر اپنے ملک، قوم اور معاشرے کی ترجمانی کرتے ہوئے امن، انصاف اور عالمی روابط کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے منگل کو خواتین کی سفارتی خدمات کے عالمی دن پر خواتین کے اجتماع سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین صرف گھریلو دائرے تک محدود نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی قائدانہ صلاحیتوں، ذہانت اور تدبر سے دنیا کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں جنہیں اگر مناسب مواقع اور پالیسی معاونت فراہم کی جائے تو وہ سفارتکاری سمیت ہر میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آج کی پاکستانی خواتین نہ صرف تعلیم یافتہ اور باشعور ہیں بلکہ عالمی سطح پر قیادت کی دوڑ میں بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ انہوں نے حکومت، تعلیمی اداروں، پالیسی ساز اداروں اور میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ خواتین کی سفارتی تربیت اور بین الاقوامی نمائندگی کے لئے خصوصی اقدامات کریں تاکہ پاکستان میں خواتین کو عالمی پلیٹ فارم پر بھرپور نمائندگی دی جا سکے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سفارتکاری کے میدان میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کو پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیتے ہوئے نوجوان طالبات کو عالمی امور میں دلچسپی لینے، قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔