فرانس ، میوزک فیسٹیول کے دوران سوئی چبھونے سے 145 افراد متاثر، 12 گرفتار

منگل 24 جون 2025 22:01

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)فرانس میں میوزک فیسٹیول کے دوران سوئی چبھونے کے واقعات میں 145 افراد متاثر ہوگئے، واقعات میں ملوث 12 کو گرفتار کرلیا گیا۔فرانس میں ہونے والے اسٹریٹ میوزک فیسٹیول فیٹ دی لا میوزیک کے دوران 145 افراد پر سرنج حملوں کی خوفناک اطلاعات سامنے آئی ہیں، وزارت داخلہ کے مطابق ان حملوں میں ملوث 12 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ متاثرین کی طبی جانچ جاری ہے۔

پولیس اور وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ان حملوں میں متاثرہ افراد کو بازو، ٹانگ یا جسم کے دیگر حصوں میں سرنج چبھوئی گئی، جس کے بعد انہیں چکر، بیہوشی یا کمزوری جیسی علامات کا سامنا کرنا پڑا، تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملوں میں نشہ آور دوائیں استعمال کی گئی ہیں یا نہیں۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کی ترجمان نے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لے رہے ہیں، متاثرین کے ٹاکسیولوجی ٹیسٹ جاری ہیں اور تحقیقات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔

پیرس پولیس کے مطابق شہر میں کم از کم 13 افراد کو سوئی چبھوئی گئی، 15 سالہ لڑکی اور 18 سالہ نوجوان سمیت 3 افراد نے علیحدہ علیحدہ واقعات میں جسمانی بے چینی اور کمزوری کی شکایت کی۔فیسٹیول سے قبل فیمینسٹ انفلوئنسرز نے خبردار کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر خواتین کو نشانہ بنانے کی اپیلیں گردش کر رہی تھیں۔