بوشر بائیکرز کلب کا عمانی وفد گلگت پہنچ گیا

منگل 24 جون 2025 23:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) دوستی اور ثقافتی تبادلے کے فروغ کی علامت کے طور پر عمان سے تعلق رکھنے والے بوشر بائیکرز کلب کا وفد زمینی راستے سے گلگت پہنچ گیا ہے، جو پاکستان اور سلطنت عمان کے درمیان گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔یہ سفر سلطنت عمان میں پاکستانی سفارت خانے کے اس اقدام کا حصہ ہے جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین سفارتی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔

(جاری ہے)

عمانی بائیکرز نے اس مہم کا آغاز عمان سے کیا اور پاکستان کے دلکش قدرتی مناظر سے گزرتے ہوئے بابوسر ٹاپ اور چلاس جیسے دشوار گزار راستوں کو عبور کر کے آج گلگت پہنچے۔اس ثقافتی وفد کا دورہ گلگت بلتستان کے تاریخی، سیاحتی اور سرحدی علاقوں پر مشتمل ہے۔ ان کے سفر میں التیت قلعہ، بلتیت قلعہ، وادی چپورسن اور سرحدی علاقہ مسگر کی سیر شامل ہے جہاں وہ مقامی ثقافت، تاریخ اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوں گے۔یہ یادگار سفر گلگت بلتستان کے عظیم خنجراب پاس پر اختتام پذیر ہوگا جو پاکستان اور چین کے درمیان بلند ترین سرحدی گزرگاہ ہے۔بوشر بائیکرز کلب کا یہ دورہ پاکستان اور عمان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔