بل گیٹس کا خسرہ و دیگر امراض کی ویکسین کیلئے ایک ارب 60 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان

بدھ 25 جون 2025 02:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)گیٹس فاؤنڈیشن نے آئندہ پانچ برسوں میں غریب بچوں کیلئے بیماریوں سے تحفظ فراہم کرنے والی ویکسین کی خریداری کیلئے ایک ارب 60 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گیٹس فاؤنڈیشن نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ پانچ برسوں میں 1.6 ارب ڈالر کی رقم گاوی (Gavi) کو فراہم کرے گی،گاوی ایک عوامی و نجی شراکت داری پر مبنی اتحاد ہے جو دنیا کے غریب ترین بچوں کے لیے ویکسین کی خریداری میں مدد فراہم کرتا ہے، اور حکومتوں کے ساتھ مل کر مہلک بیماریوں جیسے کہ خسرہ اور خناق وغیرہ سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی خریداری کو ممکن بناتا ہے۔

فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس نے ایک بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں بچوں کی اموات کی تعداد اس سال بڑھنے کا خدشہ ہے، کیونکہ بیرونی امداد میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کی جا رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ گاوی کی مالی معاونت کرنا اس بحران کو روکنے میں سب سے مؤثر قدم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی نسل کو یہ ورثہ نہیں دے سکتے کہ ہم نے اس وقت نظریں چرائیں جبکہ لاکھوں غریب بچے قابلِ علاج بیماریوں سے مر رہے تھے۔

بل گیٹس نے کہا کہ دنیا کے پاس ایسی سستی، مؤثر اور ثابت شدہ طبی سہولیات موجود ہیں جو جانیں بچاتی ہیں، امیر ممالک کو چاہیے کہ گاوی اور گلوبل فنڈ جیسے اداروں کو مکمل مالی امداد فراہم کریں، جو ان سہولیات کو ان لوگوں تک پہنچاتے ہیں جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ویکسین الائنس گاوی 2026 سے 2030 تک کے لیے اپنے 9 ارب ڈالر اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کیلئے بدھ کے روز برسلز میں ایک امدادی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے، اس کانفرنس کی میزبانی یورپی یونین اور گیٹس فاؤنڈیشن مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ گاوی کے لیے اپنی سالانہ تقریباً 30 کروڑ ڈالر کی امداد بند کر سکتی ہے۔اس اعلان کے بعد گاوی کی سی ای او ثانیہ نشتر نے کہا تھا کہ اگر امریکا کی مالی معاونت بند ہو گئی تو اگلے پانچ سالوں میں تقریباً 12 لاکھ اضافی اموات ہو سکتی ہیں۔