محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی:ڈی پی او

بدھ 25 جون 2025 14:32

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے سرگودھا پولیس نے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ضلع بھر میں مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے مؤثر اور منظم اقدامات کئے گئے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران ضلع سرگودھا میں مجموعی طور پر 2503 مجالس اور 2404 جلوس برآمد ہوں گے، جنہیں سیکیورٹی انتظامات کے تحت مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

جلوسوں میں کیٹگری اے کے 166، کیٹگری بی کے 117 اور سی کیٹگری کے 2121 شامل ہیں، اسی طرح مجالس میں کیٹگری اے کی 178, کیٹگری بی کی 117 جبکہ سی کیٹگری کی 2208 مجالس شامل ہیں۔سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے کے 05 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان جبکہ 07 ہزار سے زائد والنٹیئرز تعینات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف نے بتایا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء و کرام، امن کمیٹی کے اراکین، جلوس و مجالس کے منتظمین اور لائسنس داران کے ساتھ خصوصی میٹنگز کی گئیں ہیں۔

شہر بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری رہے گا۔ سی سی ٹی وی کیمرے جلوسوں کے روٹس پر نصب کیے جائیں گے اور تھری لئیر سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔جلوس کے آغاز سے قبل روٹ کی خصوصی ٹیکنیکل سرچنگ اور سویپنگ کرائی جائے گی، جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ جلوس کے راستے کلیئر کرے گا۔برقعہ پوش خواتین کی تلاشی لیڈی پولیس اہلکار انجام دیں گی۔

چھتوں پر چڑھنے پر مکمل پابندی ہو گی اور مسلح اہلکار وہاں ڈیوٹی انجام دیں گے۔جلوس کے راستوں سے ملحقہ علاقے مکمل سیل کئے جائیں گے اور مکمل تلاشی کے بعد ہی عزاداروں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ماسوائے پرمٹ ہولڈر گاڑیوں کے، کسی بھی گاڑی کے جلوس میں داخلے پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ امام بارگاہوں کے نزدیک پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔جلوس و مجالس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کو میٹل ڈیٹیکٹرز سے چیک کیا جائے گا۔

جلوسوں کی فضائی نگرانی کے لیے آئی ٹی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی نفری اور پاک آرمی کے جوان الرٹ رہیں گے۔ڈی پی اوکا کہنا تھا کہ شہر کا امن اور ملکی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ امن دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔