ٹریفک ایجوکیشن ونگ سیالکوٹ کا روڈ سیفٹی و ٹریفک آگاہی سیشن کا انعقاد

بدھ 25 جون 2025 16:25

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی ہدایت پر ٹریفک ایجوکیشن ونگ نے انوارالعلوم اگوکی سیالکوٹ میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ بدھ کو ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر سیالکوٹ مدثر صدیق کی زیر نگرانی ٹریفک ایجوکیشن ونگ سیالکوٹ کی جانب سے مدرسہ انوارالعلوم اگوکی میں ایک جامع روڈ سیفٹی اور ٹریفک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا جس کی قیادت انچارج ایجوکیشن ونگ ڈاکٹر شفقت رسول نے کی۔

اس سیشن میں مدرسہ کے طلباء، اساتذہ کرام اور معزز علمائے دین نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سڑک پر محفوظ طرزِ عمل اپنانا، قوانین کی پاسداری اور دوسروں کے حق کا خیال رکھنا نہ صرف ایک شہری کی ذمہ داری ہے بلکہ شرعی اصولوں سے بھی ہم آہنگ ہے۔

(جاری ہے)

اکثر حادثات معمولی لاپروائی کے سبب پیش آتے ہیں، جیسے ہیلمٹ نہ پہننا، سیٹ بیلٹ نہ باندھنا یا موبائل فون کا استعمال۔

ان عادتوں میں تبدیلی لا کر ہم قیمتی جانوں کو بچا سکتے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ خود بھی ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور اپنے گھر، محلے، اور رشتہ داروں کو بھی اس شعور سے آگاہ کریں تاکہ ایک محفوظ اور مہذب ٹریفک ماحول قائم ہو۔بعد ازاں علمائے کرام سے ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں انہیں ٹریفک پولیس کی کاوشوں سے آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹر شفقت رسول نے علمائے کرام سے گزارش کی کہ وہ اپنے خطبات، دروس اور وعظ میں ٹریفک قوانین کی اہمیت کو اجاگر کریں۔آپ جہاں بھی تدریس کا عمل سرانجام دیں، وہاں عوام الناس کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک کے اصولوں سے بھی روشناس کروائیں۔ اس عمل سے نہ صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ معاشرتی نظم و ضبط کو بھی فروغ ملے گا۔