لاجسٹک سروسز پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح4 فیصد پر برقرار رکھی جائے،لاہور چیمبر و گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کا مطالبہ

بدھ 25 جون 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا ہے کہ لاجسٹک سروسز پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کو 4 فیصد پر برقرار رکھا جائے۔پریس کانفرنس سے لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، نائب صدر شاہد نذیر چودھری، ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ریاض تاجک اورایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔

میاں ابوذر شاد نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ پر ودہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ "معاشی خودکشی" کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاجسٹک سروسز پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کو 4 فیصد پر برقرار رکھا جائے تاکہ کاروباری طبقے پر مزید بوجھ نہ پڑے۔ انہوں نے راوی لنک روڈ پر قائم جنرل ٹرک اسٹینڈ کو ناکافی قرار دیتے ہوئے شہر سے باہر ایک نئے وجدید ٹرک ٹرمینل کے لیے زمین الاٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا اورکہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملکی معیشت کو تقویت دی جا سکے۔

(جاری ہے)

گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے کہا کہ ہر دو ماہ بعد ٹول ٹیکس میں اضافہ ٹرانسپورٹرز کے لیے ناقابلِ برداشت ہو چکا ہے۔ عہدیداران نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔