کراچی میں محرم الحرام عقیدت و احترا م سے منایا جاے گا،کراچی انتظامیہ کے اقدامات

ڈپٹی کمشنرز علما کرام اور منتظمین کے ساتھ رابطہ سے انتظامات کو حتمی شکل دیں ،کمشنر کراچی سید حسن نقوی

بدھ 25 جون 2025 18:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)کراچی میں محرم الحرام عقیدت و احترا م سے منایا جاے گا کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے انتظامات علما کرام مذہبی رہنماوں اور منتظمین کے رابطہ سے مکمل کریں۔ کمشنر کراچی کی ہدایت پر تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں محرم الحرام کے نتظاما ت کے لئے ہنگامی منصوبے بنا لئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کراچی کو ہنگامی منصوبوں کی تفصیلات پیش کر دی ہین۔۔ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں منتظمین اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ضروری رابطہ اور رہنمائی کے لئے کنٹرول روم بنا لئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق کراچی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ محرم الحرام کے موقع پرپولیس اوررینجرز اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جاے گی۔

(جاری ہے)

عاشورہ محر م کے موقع پر مرکزی جلوس کے انتظامات کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جار ہی ہے۔کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متبادل ٹریفک انتظامات صفائی، شہری سہولتوں کی فراہمی سڑکوں کی ضروری مرمت پانی کی فراہمی اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے لئے ترجیحی اقدامات کریں کمشنر نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلوس اور مجالس کے مقاما ت پر عاشورہ محرم کے موقع پر لوڈ شیڈنگ سے گریز کرے انھوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام ضروری انتظامات متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے رابطہ سے کریں۔

دریں اثنا کمشنر کراچی کی ہدایت پر ایڈیشنل کمشنر کراچی ون غلام مہدی شاہ نے کمشنر کراچی آفس میں متعلقہ اداروں کا اجلاس منعقد کیا جس میں محرم الحرام کے انتظاما ت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پولیس، رینجرز،ٹریفک پولیس، سیکوٹی ادارروں کے سینئر افسران، بلدیہ عظمی، ٹاون ایڈمنسٹریشن، واٹر کارپوریشن کنٹونمنٹ بورڈز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلا س کو انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔