مون سون ،ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی رسپانس پلان بارے کمشنر مظفرآباد کی زیر صدارت اجلاس

بدھ 25 جون 2025 18:49

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتار نے آمدہ مون سون کے دوران ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی رسپانس پلان کے حوالے سے آفیسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی مظفرآباد ریجن یاسین قریشی ، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق، مئیر بلدیہ مظفرآباد سید سکندر گیلانی،ایس ای برقیات، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآبادڈاکٹر عبدالمتین، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر، آفیسر اطلاعات محمد حنیف و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نیلم ندیم احمد جنجوعہ، ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی محترمہ بینش جرال، ایس پی نیلم، ایس پی جہلم ویلی محکمہ صحت، خوراک کے ضلعی آفیسران و دیگر نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آمدہ مون سون کے دوران ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے انتظامات اور دستیاب وسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتار نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کے خصوصی احکامات کی روشنی میں آمدہ مون سون کے دوران الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ موثر رابطہ کاری قائم کرتے ہوئے جنگی بنیادوں پر کنٹرول روم قائم کیا جائے گا اور ریسکیو اداروں سمیت ضروری سروسز کے محکمہ جات کی چھٹی منسوخ کی گئی ہے۔

مون سون کے خطرات سے آگاہی کیلئے محکمہ اطلاعات کے ذریعے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ ڈی ڈی ایم اے الائیڈ محکمہ جات کے ساتھ مل کر مون سون کے خطرات سے نمٹنے کیلئے موثر پلان ترتیب دے۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس حوالے سے خصوصی ہدایات دی ہیں، امسال 10 سے 15 فی صد زیادہ بارشیں متوقع ہیں اورندی نالوں میں پانی اور طغیانی اور کلاوڈ برسٹ کے زیادہ امکانات ہیں، ندی نالوں کے ارد گرد عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کیلئے نوٹس جاری کئے جائیں گے، کمشنر مظفرآباد نے متعلقہ محکمہ جات کو متاثرہ آبادی کیلئے متبادل رہائشی انتظامات اور ندی نالوں کی صفائی، نیلم، جہلم دریا کے انٹری پوائنٹس پر پانی کے بہاو کی باقاعدگی کے ساتھ مانیٹرنگ، سول ڈیفنس اور ریسکیو اداروں سے ایمرجنسی صورتحال کے دوران موثر رابطہ کاری اور شاہرات کی بحالی کیلئے سرکاری مشینری کے استعمال کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ دور دراز اور دشوار علاقوں میں ڈاکٹرز کی فراہمی کے علاوہ ادویات اور خوراک سٹاک کی جائے۔ محکمہ صحت مون سون کے دوران ایمبولینسز کی دستیابی کو یقینی بنائے اور بنیادی طبی مراکز، آر ایچ سی اور ایمرجنسی میں ادویات اور ڈاکٹرز کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے، کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتار نے مون سون کے دوران ممکنہ خطرات کے دوران سیاحوں کی سیفٹی کیلئے پیش بندی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں مون سون کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے شرکاء نیتجاویز بھی دیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نیلم نے کہا کہ نیلم میں قدرتی آفات نسبتا زیادہ رونما ہوتی ہیں، مون سون کے دوران ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کی گئی ہے، مون سون کے دوران پلان کے مطابق دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے، ارجنسی صورتحال کے دوران سیاحوں کی سیفٹی کیلئے تمام ادارے آن بورڈ ہیں اسی طرح متاثرہ آبادی کے متبادل رہائش کے پلاننگ کی ہوئی ہے۔

ایک ماہ کا خوراک کا سٹاک دستیاب ہے، ضلع بھر میں سرکاری اور پرائیویٹ 11 ایمبولینسز موجود ہیں، ادویات اور ڈاکٹرز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے کرش پلانٹ کے ڈیپازٹس اور کچرے کی صفائی کی ضرورت پر توجہ دلائی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی نے چناری کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ والے ایریاز میں این ایچ اے کے تعاون سے دیواروں کی تعمیر کی ضرورت، نالے کی صفائی کیلئے مشینری کی فراہمی کی ضرورت پر توجہ دلائی۔