ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کا تھانہ وہوا کے علاقوں کا دورہ، محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

بدھ 25 جون 2025 21:00

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ غازی خان سید علی نے محرم الحرام کے موقع پر تھانہ وہوا کے مختلف علاقوں بشمول بستی مٹھے والی، بستی دولت والی، اور بستی کوتانی کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے محرم کے جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا اور سیکیورٹی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مقامی عمائدین، امن کمیٹی کے اراکین اور شہریوں سے ملاقات کے دوران محرم کے دوران باہمی رواداری اور تعاون پر زور دیا۔ڈی پی او سید علی نے کہا کہ پولیس فورس ہر ممکن اقدامات کے ذریعے امن و امان کے قیام کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔