سنگا پور کارپوریشن پروگرام کے زیر اہتمام ''پائیدار و مربوط ٹرانسپورٹ پلاننگ اینڈ مینجمنٹ''کے موضوع پر پانچ روزہ ورکشاپ سنگا پور میں جاری

بدھ 25 جون 2025 21:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) سنگا پور کارپوریشن پروگرام کے زیر اہتمام ''پائیدار و مربوط ٹرانسپورٹ پلاننگ اینڈ مینجمنٹ''کے موضوع پر پانچ روزہ ورکشاپ سنگا پور میں جاری ہے جس میں پاکستان کی نمائندگی چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب کر رہے ہیں جنہیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ورکشاپ میں شرکت کے لئے نامزد کیا، حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کی طرف سے انہیں اہم نوعیت کی اس ورکشاپ میں شرکت کے لئے اجازت دی گئی۔

ورکشاپ میں انڈونیشیا، افریقہ، فجی اور مالدیپ سمیت دیگر ایشائی ممالک سے تعلق رکھنے والے 25 سے زائد نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر اربن پلانر، ٹرانسپورٹ کنسلٹنٹس و دیگر بین الاقوامی ماہرین نے اربن ٹرانسپورٹ پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کے حوالے سے شرکاء کو سفری سہولیات کے انتظام و انصرام، اربن ٹرانسپورٹ کے لئے منظم و مربوط اقدامات، ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کے لئے منصوبہ سازی کرنے سے متعلق مختلف فنی، تکینکی، انتظامی اور سائنسی امور سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کے دوران عالمی سطح پر مختلف ممالک میں رائج اربن ٹرانسپورٹ سسٹم کی افادیت اور ان میں آئندہ تقاضوں کے مطابق جدت لانے اور خصوصاً ایشائی ممالک میں منظم و پائیدار اربن ٹرانسپورٹ سسٹم کی ترویج وترقی کے متعلق امور زیر بحث آئے۔ ماہرین نے آرام دہ اور باوقار اربن ٹرانسپورٹ سسٹم کے لئے مقامی تقاضوں اور روایات کے مطابق حکمت عملی وضع کرنے کے بارے میں آگاہی دی اور کہا کہ اس ٹرانسپورٹ سسٹم کے لئے روڈز سٹریکچرز کو بہتر بنانے کے ساتھ موٹرسائیکل، بائیسکل، بس ودیگر ہیوی و سست رفتار ٹریفک کے لئے الگ الگ روڈ لین متعین کرنے، بس اسٹیشنز کے قیام، روٹس پر ضروری سہولیات و دیگر سروسز اور اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بھی بتایا گیا جبکہ سنگاپور کارپوریشن پروگرام کے ماہرین نے شرکاء کو مقامی اربن ٹرانسپورٹس سسٹم کا سروے بھی کرایا گیا۔

پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب نے شہریوں کی سہولت کے لئے ملک میں رائج اربن ٹرانسپورٹ سسٹم اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں جدید اربن ٹرانسپورٹ سسٹم کی ضروریات اور اس حوالے سے کی گئی اب تک کی گئی پلاننگ کے اہم جزئیات کے بارے میں پریذینٹیشن دی۔