پنجاب پولیس نے رواں مالی سال 12 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کا 99.5 فیصد 146 جاری سکیموں پر خرچ کیا،آئی جی پنجاب

جمعرات 26 جون 2025 00:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرصدارت بجٹ اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سال 2024/25 کے دوران پنجاب پولیس ترقیاتی بجٹ کے استعمال کے حوالے سے تمام دیگر محکموں سے بہتر رہی۔پنجاب پولیس نے رواں مالی سال 12 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کا 99.5 فیصد 146 جاری سکیموں پر خرچ کیا۔

آئی جی پنجاب نے ترقیاتی سکیموں کے بجٹ کی بھرپور یوٹیلائزیشن پر تمام ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کو شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں پنجاب پولیس میں کئی نئے پراجیکٹس شروع کئے گئے۔پنجاب پولیس کو ملنے والے ترقیاتی بجٹ کو سکیموں کے حوالے سے 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا اورجاری ترقیاتی سکیموں کو فنڈز کے استعمال کی مناسبت سے 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کی بہترین ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کیلئے سپلیمنٹری گرانٹس لی گئیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس اگلے مالی سال 2025-26 میں بیشتر ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرے گی۔پنجاب حکومت نے گزشتہ مال سال میں پولیس کو 187 ارب روپے کا بجٹ دیا تھا۔سیف سٹیز اتھارٹی، سمارٹ پولیس سٹیشنز اور سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز سمیت دیگر ترقیاتی سکیموں کی وجہ سے مجموعی طور پر 233ارب سے زائد اخراجات آئے۔

سی سی ڈی، رائٹ مینجمنٹ پولیس اور سی ٹی ڈی کے کاموں کیوجہ سے بجٹ 233 ارب سے زئد ہو گیا۔پنجاب پولیس کو اگلے مالی سال 2025-26کی مد میں 199 ارب روپے ملے ہیں۔پنجاب پولیس کو گذشتہ بجٹ کی نسبت 12 ارب روپے زائد ملے ہیں۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سیف سٹیز منصوبے کو 10 حصوں میں تحصیل کی سطح پر لے جایا جا رہا ہے اور مقامی سطح پر مالی ذرائع سے سیف سٹیز کا دائرہ کار 7000یونین کونسلز تک بڑھایا جا رہا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں کا ایک دوسرے سے منسلک اور مربوط انٹیگریٹڈ نیٹ ورک مکمل ہو جائے گا۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد کی بذریعہ ویڈیولنک شرکت جبکہ ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس عمران محمود، ڈی آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ شارک کمال صدیقی، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی فنانس ندا عمر چٹھہ، اے آئی جی ویلفیئر عبدالرحیم شیرازی اور اے آئی جی لاجسٹکس عبداللہ لک سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔