ہری پور کے مختلف پولیس سٹیشنوں کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

جمعرات 26 جون 2025 13:51

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) ہری پور پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی پی او ہری پور فرحان خان کے احکامات کی روشنی میں ہری پور پولیس کا منشیات سے پاک ہری پور مہم کا تسلسل جاری ہے۔ ایس ایچ او تھانہ صدر انسپکٹر اختر حسین نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش عبدالرحیم ولد مستقیم سکنہ مسکین آباد منکرائے کو گرفتار کر کے قبضہ سے 2 کلو 45 گرام چرس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او تھانہ سٹی رضوان خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مبین ولد محمد اکرم سکنہ نور کالونی کو گرفتار کر کے قبضہ سے 695 گرام ہیروئن اور 153 گرام آئس برآمد کر لی۔ ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ سرائے صالح میاں لیاقت نے ہمراہ نفری پولیس کارروائی کرتے ہوئے میر حمزہ ولد محمد نصیر سکنہ سرائے صالح کو گرفتار کر کے قبضہ سے 3 کلو 770 گرام چرس برآمد کر لی۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔