Live Updates

پنجاب حکومت کا شہریوں سے یکم جولائی سے کوڑا ٹیکس وصول کرنے کا اعلان

یہ نیا ٹیکس صوبے کے شہری و دیہی علاقوں میں رہائشی اور کاروباری تمام چھوٹے بڑے یونٹس پر لاگو ہوگا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 26 جون 2025 14:29

پنجاب حکومت کا شہریوں سے یکم جولائی سے کوڑا ٹیکس وصول کرنے کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون 2025ء ) پنجاب حکومت نے شہریوں سے یکم جولائی سے کوڑا ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت یکم جولائی سے صوبے بھر کے شہری اور دیہی علاقوں میں ستھرا پنجاب منصوبے کے تحت صفائی ٹیکس (گاربیج ٹیکس) کی وصولی شروع کرے گی، اس سلسلے میں مقامی حکومتوں نے اس منصوبے کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے سروس چارجز کی وصولی کے لیے حکمتِ عملی ترتیب دینا شروع کر دی ہے، پنجاب کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ترقی پہلے ہی اس منصوبے کی منظوری دے چکی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد، "ستھرا پنجاب" منصوبے کا آغاز کیا گیا تاکہ صفائی اور کچرا مینجمنٹ کی سہولیات فراہم کی جا سکیں، جس کے لیے ابتدائی طور پر 200 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا، مقامی حکومتوں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں نے مشینری خریدی اور لاہور سمیت کئی اضلاع میں گھروں سے کچرا اکٹھا کرنے کا کام شروع کیا، تاہم تاخیر کے باعث ابھی تک یہ سہولیات پنجاب کے تمام رہائشی علاقوں تک مکمل طور پر نہیں پہنچ سکی ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ حکومتِ پنجاب نے اس منصوبے کے لیے ایک مخصوص ٹائم لائن مقرر کی ہے، جس کے تحت یکم جولائی سے ٹیکس وصولی کا آغاز ہونا ہے، اس لیے مقامی حکومتوں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ گاربیج ٹیکس کی وصولی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں، جس پر کام جاری ہے، یہ نیا ٹیکس صوبے کے شہری و دیہی علاقوں میں رہائشی اور کاروباری تمام چھوٹے بڑے یونٹس پر لاگو ہو گا، تاہم لاہور سمیت پنجاب بھر کی کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو اس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

​بتایا جارہا ہے کہ دیہی علاقوں کے لیے 3 سے 5 مرلہ گھروں پر ماہانہ 200 روپے، ​10 مرلہ یا اس سے بڑے گھروں پر ماہانہ 400 روپے​، چھوٹے کاروبار پر ماہانہ 300 روپے، ​درمیانے کاروبار پر ماہانہ 700 روپے اور بڑی صنعتوں یا فیکٹریوں پر ماہانہ 1,000 روپے​ ٹیکس لگے گا، اسی طرح شہری علاقوں کے لیے 5 مرلہ تک گھروں پر ماہانہ 300 روپے, 5 سے 10 مرلہ ماہانہ 500 روپے, ​10 مرلہ سے 1 کنال تک ماہانہ 1,000 روپے​، 1 سے 3 کنال ماہانہ 2,000 روپے، ​3 کنال سے بڑے گھروں سے ماہانہ 5,000 روپے​ کوڑا ٹیکس وصول کیا جائے گا جب کہ تجارتی علاقوں کے لیے دکانیں ماہانہ 500 روپے, درمیانے کاروبار ماہانہ 1,000 روپے, بڑی صنعتیں، کاروبار، فیکٹریاں ماہانہ 3,000 روپے​ ٹیکس ادا کریں گی۔

محکمہ بلدیات کے سیکریٹری میاں شکیل احمد کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر شروع کیا گیا جس کا مقصد دیہی علاقوں کو بھی شہری علاقوں جیسی صفائی کی سہولیات فراہم کرنا ہے جس کے لیے گھر گھر کچرا اکٹھا کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور یکم جولائی سے رہائشیوں و کاروباری اداروں سے سروس چارجز کی وصولی شروع ہو جائے گی، اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات