پنجاب بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ

جمعرات 26 جون 2025 17:44

پنجاب بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء) پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور سکیورٹی کے پیش نظر قصور سمیت صوبے بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کردی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق، اس دوران کسی بھی نئی جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صرف پہلے سے منظور شدہ مجالس اور جلوس ہی منعقد کیے جا سکیں گے۔

(جاری ہے)

عوامی مقامات پر ہتھیاروں، آتش گیر مواد کی نمائش، اشتعال انگیز نعرے بازی، اور فرقہ وارانہ جذبات ابھارنے والے اشارے یا پوسٹرز پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق جلوس کے راستوں میں واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے، پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کسی بھی قسم کا کچرا جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دکانوں کے تھڑوں یا چھتوں پر تماشائیوں کی موجودگی پر بھی سخت پابندی عائد ہوگی۔محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ یہ پابندی صرف بزرگ شہریوں، خواتین، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر لاگو نہیں ہوگی۔ تمام دیگر پابندیاں یکم سے 10 محرم تک نافذ رہیں گی۔