ٰڈپٹی کمشنرجعفرآباد خالد خان کی زیرصدارت بلاک شناختی کارڈز کے مسئلے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس

جمعرات 26 جون 2025 22:15

جعفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت بلاک شناختی کارڈز کے مسئلے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نادرا آفس، انٹیلیجنس اداروں، پولیس اور دیگر ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں 32 بلاک شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کو کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا جہاں ڈپٹی کمشنر خالد خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے تمام کیسز کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

کمیٹی نے ہر فرد کے کوائف، شواہد اور شناختی دستاویزات کی چھان بین کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد اور دیگر تکنیکی وجوہات کی بنیاد پر بلاک ہونے والے شناختی کارڈز کا تفصیلی تجزیہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ شناختی کارڈ ہر شہری کی شناخت کا بنیادی ذریعہ ہے اور اس کا بلاک ہونا عوام کے لیے نہ صرف پریشانی کا باعث بنتا ہے بلکہ ان کے روزمرہ کے معاملات بھی متاثر ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان افراد کے شناختی کارڈز جو معمولی نوعیت کی غلطیوں یا تکنیکی وجوہات کی بنا پر بلاک ہوئے تھے، انہیں فوری طور پر ان بلاک کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سنگین نوعیت کے کیسز پر بھی سنجیدگی سے غور کیا گیا ہے اور ایسے کیسز میں تمام قانونی پہلووں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بلاک شناختی کارڈز کے مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ بلاک شناختی کارڈز کے مسئلے کے حل کے لیے پرعزم ہے اور ہر شہری کے ساتھ انصاف پر مبنی سلوک کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :