صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ، مون سون بارشوں کا جائزہ لیا

جمعرات 26 جون 2025 22:30

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس  کا دورہ، مون ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے موسمی صورتحال اور مون سون بارشوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پرصوبہ بھر میں ڈی واٹرنگ کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈی جی پی ڈی ایم اے سید جواد حیدر نے صوبائی وزیر کو مون سون بارشوں بارے بریفنگ میں بتایاکہ رواں سال مون سون بارشیں معمول سے25 فیصد زیادہ ہونے کی پیشگوئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق پنجاب بھر کے ندی نالوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، مون سون بارشوں کا یہ سپیل یکم جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم و صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز الرٹ ہیں،شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، واسا سمیت تمام ادارے الرٹ رہیں اور نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کو یقینی بنائیں، پنجاب کے تمام دریائو ں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے۔ صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق نے ممکنہ مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ بارے انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔