مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے الرٹ رہیں، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

جمعرات 26 جون 2025 20:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا ءاصغر علی نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے الرٹ رہیں، مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور پیشگی حفاظتی و انتظامی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا کے ہمراہ میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل سیالکوٹ کے افسران سے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ نالہ بھیڈ کی مکمل ڈی سلٹنگ کا عمل فوری مکمل کیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو دو فٹ سے کم چوڑائی والے نالوں اور سیوریج لائنز کی صفائی کی ذمہ داری سونپتے ہوئے کہا کہ یہ عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو چالو حالت میں رکھا جائے اور ان کے اسٹینڈ بائی جنریٹرز کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ بجلی کی عدم موجودگی میں بھی نکاسی آب کا عمل جاری رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن اور دیگر بلدیاتی کمیٹیاں اپنے اپنے علاقوں میں موجود تمام ڈی واٹر سیٹس کو مکمل طور پر فعال رکھیں اور ان کے آپریٹرز و دیگر متعلقہ عملے کی حاضری کا باقاعدہ ڈیوٹی روسٹر جاری کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے نالوں میں موجود پن سٹاپس کی مرمت کرانے اور روزانہ کی بنیاد پر ڈی سلٹنگ کی رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122، ضلعی کنٹرول روم نمبر 1718 یا 052-9250011 پر کال کریں۔اجلاس میں مون سون کے دوران درپیش ممکنہ خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے ضلعی و بلدیاتی اداروں کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیالکوٹ میں مون سون کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی اور تمام ادارے ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں گے۔اجلاس میں سی او میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز احمد، ایم او انفراسٹرکچر بلال قیصر، ڈی او فنانس رانا ثقلین محمود اور ضلع کونسل کے متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔