Live Updates

صہیونی حکومت کی جانب سے ایٹمی تنصیبات پر نہایت بے شرمی سے حملہ کرناایسا معاملہ نہیں ہے جس پر خاموشی اختیار کی جا سکے ،چیئرمین اسلامی ثقافت و رابطہ تنظیم(ایران) محمد مہدی ایمانی پور

جمعرات 26 جون 2025 20:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء) چیئرمین اسلامی ثقافت و رابطہ تنظیم(ایران) محمد مہدی ایمانی پور نے کہا ہے کہ پوری دنیا 13 جون 2025 (جمعہ) کی صبح سے (اب تک) اسلامی جمہوریہ ایران کی ملکی سالمیت اور قومی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے ایرانی ایٹمی سائنسدانوں اور اعلیٰ فوجی حکام کے رہائشی علاقوں پر کیے گئے غاصب صہیونی حکومت کے حملوں کی گواہ ہے جن میں معصوم بچوں اور خواتین کو خاک و خون میں نہلایا گیا۔

صہیونی رجیم کا یہ جرم نہ صرف اقوامِ متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی ہے بلکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ایک کھلی جارحیت ہے۔یہ بات انہوں نے عالمی مذہبی پیشواؤں اور دینی دانشوروں کے نام خط میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیز ایک بار پھر بین الاقوامی اداروں کی بے عملی، ان کے ناکارہ پن کو آشکار کرتی ہے، یہاں تک کہ کچھ عناصر خود کو میڈیا کے ذریعہ اپنی جارحیت و قتل و غارت کو جائز قرار دینے کی فضا سازی کا مجاز سمجھنے لگے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کی جانب سے ایٹمی تنصیبات پر نہایت بے شرمی سے حملہ کرناایسا معاملہ نہیں ہے جس پر خاموشی اختیار کی جا سکے۔ اس قسم کی مہم جوئی خطے میں جنگ کی آگ کو بھڑکانے کا باعث بنے گی اور یہ صاحبانِ ایمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس المناک صورتِ حال کے خاتمے کے لیے کوئی فوری اقدام اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور پچھلے چند دنوں میں مجبوراً صہیونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں کم سے کم سطح کے جوابی اقدامات کرنے پر مجبور ہوا ہے، لیکن ایران اس راستے کو نہ توعالمی امن کے مفاد اور نہ ہی اسے رضائے الٰہی کے مطابق جانتا ہے۔

جیسا کہ آپ جانتے ہیں، اسلامی انقلاب کے رہبر نے ہمارے ملک کے ایٹمی حکام کو اجتماعی قتل عام (ماس ڈسٹرکشن) کے خدشے کے پیش نظر ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری سے منع کیا ہے اور اس طرح اسلامی جمہوریہ ایران نے دینی و انسانی اصولوں کی روشنی میں اپنے حسنِ نیت کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حالات میں، دنیا بھر کی وہ دینی مرکزی شخصیات و دانشور جنہیں عالمی امن و سلامتی کی فکر ہے، اٴْن سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس مجرمانہ جارحیت کی فوری مذمت کرتے ہوئے اس خطرناک مہم جوئی کے خلاف، جو بلاشبہ عالمی امن و سلامتی کو بے نظیر خطرے سے دوچار کر چکی ہے، فوری اور اجتماعی قدم اٹھائیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات