جمعیت علما اسلام کے بزرگ رہنما مولانا قاضی محمد ادریس انتقال کرگئے،نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

مولانا قاضی محمد ادریس کی دینی، علمی، سیاسی و سماجی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی، مولانا راشد محمود سومروو دیگرکا خطاب

جمعرات 26 جون 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)جمعیت علما اسلام کے بزرگ اور سینئر رہنما جامعہ دارالعلوم اسلامیہ فاروقیہ سلطان آباد کے بانی شیخ الحدیث، مولانا قاضی محمد ادریس طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ غوثیہ مسجد سلطان آباد میں شیخ الحدیث مولانا امداد اللہ یوسفزئی کی اقتدا میں ادا کی گئی، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علما کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، جے یو آئی سندھ و کراچی کے ذمے داران، کارکنان اور عام شہریوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں میں جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، وفاق المدارس العربیہ سندھ کے مسئول شیخ الحدیث مولانا امداد اللہ یوسفزئی، قاری محمد عثمان، مولانا محمد غیاث، مولانا سمیع الحق سواتی، حاجی رفیق احمد سومرو، مولانا حسین احمد آصفی، مولانا حماد اللہ شاہ، قاضی فخرالحسن، مولانا نور الحق، سید اکبر شاہ ہاشمی، فاروق سید اور جے یو آئی کراچی کے دیگر اہم رہنما شامل تھے۔

(جاری ہے)

جے یو آئی کے رہنمائوں نے مولانا قاضی محمد ادریس کے فرزند مولانا انس محمود حنفی سے ملاقات کی اور ان سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ "مولانا قاضی محمد ادریس ایک جید باعمل اور صاحب بصیرت عالم دین تھے۔ ان کی دینی، علمی، سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے جو مشن چھوڑا ہے ہم اس پر کاربند رہیں گے۔جمعیت علما اسلام سندھ کے دیگر رہنماں مولانا عبد الکریم عابد ، مولانا ڈاکٹر نصیر الدین سواتی ودیگر نے بھی مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔